مقامی حکومت کا ایسا نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی، وزیر اعظم

اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2020
وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں ضلع کی سطح پر کرپشن سے لوگ بہت تنگ ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں ضلع کی سطح پر کرپشن سے لوگ بہت تنگ ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقامی حکومت کا ایسا نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی اور اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہوگی۔

سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 'پاکستان میں نئی سوچ اور نیا رجحان آرہا ہے، بدقسمتی سے آزادی ملنے کے بعد حکومت میں جو لوگ آئے ان کی ذہنیت نہیں بدلی اور وہ سمجھتے رہے کہ انگریزوں کی جگہ اب وہ آگئے ہیں، انگریز غلاموں پر حکومت کر رہا تھا اور غلاموں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو آزاد شہریوں کے ہوتے ہیں'۔

عمران خان نے کہا کہ 'سٹیزن پورٹل کا قیام مدینہ کی ریاست کی طرف بہت بڑا قدم ہے، عوام کی خدمت کرنا حکومت کا فرض ہے، 30 لاکھ لوگوں نے سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا، ہمارے ملک میں بلدیاتی حکومت کا نظام ٹھیک طرح نہیں چل رہا تاہم ہم نئی طرز کا بلدیاتی حکومت کا نظام لائے ہیں جس سے نچلی سطح پر فنڈز جائیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'سٹیزن پورٹل میں سب سے بڑا مسئلہ سامنے آیا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کام نہیں کرتا لیکن اب شہری حکومت بھی صوبوں کی طرح ہوگی، ہم ایسا لوکل گورنمنٹ نظام لارہے ہیں جس سے تبدیلی آجائے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایت کنندگان میں طلبا اور تاجروں کی تعداد سب سے زیادہ

ان کا کہنا تھا کہ 'اوورسیز پاکستانیوں نے سٹیزن پورٹل کا بھرپور استعمال کیا ہے، سندھ اور پنجاب میں ضلع کی سطح پر کرپشن سے لوگ بہت تنگ ہیں، کوئی اے سی، ڈی سی یا تھانے دار تنگ کرے تو لوگ سٹیزن پورٹل پر شکایت کریں، جبکہ اب تبادلہ نہیں ہوگا بلکہ کرپٹ افسر نوکری سے جائے گا'۔

عمران خان نے کہا کہ 'ہم سٹیزن پورٹل کو مزید بہتر اور مضبوط کریں گے، سٹیزن پورٹل سے عوام کے اختیارات بڑھیں گے، بیوروکریسی کے معیار اوپر جائیں گے، سول سرونٹس کے لیے اصلاحات بھی لارہے ہیں، اداروں کی کارکردگی کا علم ہوگا تو سزا و جزا دینا آسان ہو جائے گا'۔

سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی

قبل ازیں پی ایم ڈی یو کے انچارج عادل صافی نے سٹیزن پورٹل کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پورٹل پر دو سالوں میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی، پورٹل کو 27 لاکھ سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 25 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ ہوا۔

پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے حل پر نادرا کی کارکردگی سب سے اطمینان بخش رہی، تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد موصول ہونے والی شکایات میں سے ایک لاکھ 28 ہزار نمٹا دی گئیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا سٹیزن پورٹل پر شکایات کے حل میں تاخیر کا نوٹس

انہوں نے بتایا کہ 27 لاکھ 60 ہزار موصول ہونے والی شکایات میں سے 13 لاکھ 41 ہزار وفاقی حکومت، 9 لاکھ 45 ہزار سے زائد پنجاب، 2 لاکھ 62 ہزار خیبر پختونخوا، ایک لاکھ 67 ہزار سندھ، 22 ہزار 700 اسلام آباد، 19 ہزار 600 بلوچستان، 3 ہزار 421 گلگت بلتستان جبکہ 619 شکایات آزاد جموں و کشمیر حکومت کے خلاف موصول ہوئیں۔

وفاق میں سب سے زیادہ شکایات بجلی اور توانائی سے متعلق تھیں جن کی تعداد 4 لاکھ 97 ہزار سے زائد رہیں، پنجاب میں سب سے زیادہ میونسپل سروسز سے متعلق شکایات رہیں، جبکہ باقی صوبوں میں بھی میونسپل سروسز سے متعلق شکایات کا تناسب زیادہ رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں