• KHI: Asr 5:11pm Maghrib 7:16pm
  • LHR: Asr 4:54pm Maghrib 7:01pm
  • ISB: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • KHI: Asr 5:11pm Maghrib 7:16pm
  • LHR: Asr 4:54pm Maghrib 7:01pm
  • ISB: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm

پاکستان میں 5 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 3 ہزار 795 کورونا کیسز

شائع December 7, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے کیسز اور اموات تیزی سے بڑھ رہی ہیں جبکہ حکام کی جانب سے حفاظتی اصولوں کو اپنانے پر زور دیا جارہا ہے تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو کم کیا جائے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 20 ہزار 294 ہے جس میں سے 3 لاکھ 56 ہزار 542 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 398 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار سے متعلق سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 39 ہزار 76 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 795 میں وائرس کی تشخیص ہوئی جو 9.71 فیصد کی مثبت شرح ہے، اس کے علاوہ مزید 37 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک ہزار 530 افراد ایسے تھے جو شفایاب ہوئے، جس کے بعد مجموعی طور پر فعال کیسز 55 ہزار 354 ہوگئے۔

واضح رہے کہ 2 جولائی کے بعد ملک میں ایک روز میں یہ سب سے زیادہ کورونا کیسز کی تعداد ہے۔

ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گئی تھی تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

تاہم کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر سخت عملدرآمد نہ ہونے سے دسمبر کے آغاز سے ہی اموات اور کیسز مزید تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

آج 7 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 13 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 486 تک پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ جولائی کے بعد سندھ میں پہلی مرتبہ کورونا کیسز کی یومیہ تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث مزید 8 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 19 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 807 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 762 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 15 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 177 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 456 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 49 ہزار 676 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 9 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 413 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 26 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 466 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 169 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 402 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 32 ہزار 816 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید ایک مریض جاں بحق بھی ہوا جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 341 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 78 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 356 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 4 فرد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 181 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 732 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 24 گھنٹوں میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی، جس کے بعد گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد 98 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 530 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 56 ہزار 542 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: .420294

صحتیاب: 356542

اموات: 8398

فعال کیسز: 55354

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 486 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک 23 ہزار 762 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 49 ہزار 676 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 466 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 32 ہزار 816، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 356 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 732 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3109

پنجاب: 3177

خیبرپختونخوا: 1413

بلوچستان: 169

اسلام آباد: 341

آزاد کشمیر: 181

گلگت بلتستان:98

کارٹون

کارٹون : 29 مئی 2024
کارٹون : 28 مئی 2024