یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں، انگین التان دوزیتان

اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2020
انگین  االتان دوزیتان چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں — فوٹو:ڈان نیوز
انگین االتان دوزیتان چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں — فوٹو:ڈان نیوز

ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار انگین التان دوزیتان اس وقت مختصر دورے پر لاہور میں موجود ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں۔

اپنے دورے کے دوسرے روز ترک اداکار نے لاہور میں پریس کانفرنس کی جس میں ان کے ہمراہ ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والے کاشف ضمیر اور یارِ من ترکی یوٹیوب چینل کے اینکر ڈاکٹر فرقان حمید بھی موجود تھے۔

ترک اداکار نے انگریزی اور ترکی زبان میں پریس کانفرنس کی اور بعدازاں اردو زبان کے بھی کچھ الفاظ ادا کیے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار کی پاکستان آمد

انگین التان دوزیتان نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام مجھ سے محبت کرتے ہیں، اس کا علم تھا اور اس لیے میں یہاں آنا چاہتا تھا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن آخری نہیں۔

—فوٹو: قاسم ارشد
—فوٹو: قاسم ارشد

انہوں نے بتایا کہ چوہدری ٹیکسٹائل کے ساتھ نئے معاہدے ہوئے ہیں اور میں اُمید کرتا ہوں کہ ترک اور پاکستانی بھائی چارہ جاری رہے گا۔

بعدازاں ان کے ساتھ موجود کاشف ضمیر نے بتایا کہ انگین االتان دوزیتان چوہدری ٹیکسٹائل انڈسٹریز کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں، ترک اداکار اسی سلسلے میں پاکستان آئے ہیں اور ان سے ایک سال کا معاہدہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں انگین التان دوزیتان کا بہت شکر گزار ہوں کہ ان کے ذریعے پاکستان اور ترکی کے تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ترک اداکار نے کہا کہ یہ میرے لیے خوشی کا باعث ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو ٹی وی سیریز (دیریلیش ارطغرل ) اور میں پسند ہوں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ترک اداکار نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے سوشل میڈیا پر ٹی وی سیریز کے حوالے سے ایک پوسٹ بھی شیئر کی تھی اور وہ میں نے دیکھی تھی اور مجھے خوشی ہوئی تھی۔

انگین التان دوزیتان نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ٹی وی سیریز تھی، ہم جانتے ہیں کہ پاکستانی ٹی وی سیریز کو پسند کرتے ہیں اور یہ ہمارے لیے اعزاز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار نے پاکستانی برانڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا؟

انہوں نے کہا کہ 'ارطغرل' ایک اسلامی سیریز تھی، اس میں حقائق بیان کیے گئے ہیں، میں نے ایک عاشق ہونے کے ناطے ان حقائق پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔

انگین التان دوزیتان نے کہا کہ اس سیریز میں، میں نے اور میرے ساتھیوں نے بہت محنت کی تھی اور میں اب دیکھ رہا ہوں کہ پاکستان کے عوام نے اسے بہت زیادہ سراہا ہے، اسے کتنی داد ہے وہ میرے سامنے ہے۔

—فوٹو: قاسم ارشد
—فوٹو: قاسم ارشد

پاکستانی ڈراموں یا فلموں میں کام کرنے سے متعلق انگین التان دوزیتان نے کہا کہ اگر کہانی اچھی ہوئی تو کیوں نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پہلا دورہ ہے لیکن مجھے زیادہ موقع نہیں مل سکا کہ میں یہاں کی سیر کرسکوں۔

ترک اداکار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جو قدرتی خوبصورتی ہے میں اس سے پوری طرح واقف ہوں، یہاں کے پہاڑی علاقوں سے بہت متاثر ہوں انہیں دیکھنا چاہوں گا۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے پاکستان آنے کی افواہیں

انگین التان دوزیتان نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی مقامات ہیں لیکن وقت کی کمی ہے، آئندہ آؤں گا تو پاکستان کے تاریخی مقامات کی سیر ضرور کروں گا.

لاہوری کھانوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کھانے بہت مزیدار تھے، کل بہت زبردست کھانا بنایا گیا تھا، تھوڑی سی مرچیں تیز تھیں لیکن کھانا بہت زبردست تھا۔

ارطغرل کے مرکزی کردار نے اردو زبان میں بھی کچھ الفاظ ادا کیے، انہوں نے کہا کہ مجھے 'شکریہ' کہنا آتا ہے، اور انہوں نے 'لاہور لاہور اے' بھی کہا۔

خیال رہے کہ ترک اداکار انگین التان دوزیتان مختصر دورے پر گزشتہ روز پاکستان کے شہر لاہور پہنچے تھے اور نجی ہوٹل میں قیام کیا۔

ان کی آمد کا اعلان ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے کیا گیا۔

ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ارطغرل غازی (دیریلیش ارطغرل) کے مرکزی کردار انگین التان دوزیتان نجی کاروباری کمپنی کی دعوت پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

سفارت خانے کی ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ان کے استقبال میں ہمارا ساتھ دیں۔

خیال رہے کہ رواں برس اگست میں انگین التان دوزیتان کی پاکستان آمد کی افواہیں زیر گردش تھیں کہ وہ 3 بیمار بچوں کی خواہش پوری کرنے کے لیے ان سے ملاقات کریں گے۔

تاہم وہ پاکستان نہیں آئے تھے بلکہ ایک خصوصی تقریب کے دوران 3 بیمار بچوں سے آن لائن ملاقات کی تھی۔

بعدازاں وہ ستمبر میں اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسڈر بن گئے تھے اور ایک ویڈیو میں انگین التان دوزیتان نے کہا تھا کہ 'میں بلیو ورلڈ سٹی کا برانڈ ایمبیسڈر بننے پر بہت پرجوش ہوں اور جلد پاکستان آؤں گا'۔

تاہم ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے بلیو ورلڈ سٹی کو غیر قانونی قرار دیے جانے کی وجہ سے اپنا معاہدہ منسوخ کردیا تھا جس کی وجہ سے ان کا اس وقت متوقع دورہ پاکستان بھی ملتوی ہوگیا تھا۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ ستمبر میں ارطغرل ڈرامے میں دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی نشر کیا جارہا ہے۔

ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا جب کہ اس کی پہلی قسط کو اب تک 7 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' نے 3 بیمار پاکستانی بچوں کا خواب پورا کردیا

اس ڈرامے کی مقبولیت اور پاکستان میں مداحوں کے جذبے کو دیکھتے ہوئے 'ارطغرل غازی' کے تقریباً تمام مرکزی اداکار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

حال ہی میں انگین التان دوزیتان کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ارطغرل غازی میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے، اس ڈرامے کی مجموعی طور 179 قسطیں ہیں۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں