پاکستان کی معیشت کیلئے مزید اچھی خبریں آرہی ہیں، وزیر اعظم

11 دسمبر 2020
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ترسیلاتِ زر 2.34 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ترسیلاتِ زر 2.34 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کے لیے مزید اچھی خبریں آرہی ہیں اور نومبر میں بھی ترسیلات زر میں اضافہ جاری رہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ 'ملکی معیشت کے لیے مزید اچھی خبر ہے کہ ماہِ نومبر کے دوران بھی بیرون ملک پاکستانی محنت کشوں کی طرف سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر بڑھتی رہیں، یوں یہ مسلسل چھٹے ماہ بھی 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔'

انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کے مطابق گزشتہ ماہ کی نسبت 2.4 فیصد جبکہ نومبر 2019 کے مقابلے میں 28.4 فیصد اضافے کے ساتھ یہ ترسیلاتِ زر 2.34 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں ترسیلات زر نے مسلسل 5ویں مہینے 2 ارب ڈالر کے ہندسے کو عبور کیا اور یہ ماہ اکتوبر میں سالانہ بنیاد پر 14.1 فیصد بڑھ کر 2 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: ترسیلات زر میں مسلسل پانچویں ماہ بھی اضافہ، اکتوبر میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں

مرکزی بینک کے مطابق ورکرز ترسیلات زر اکتوبر کے دوران 2 ارب 30 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے اکتوبر کے مقابلے میں 14.1 فیصد اضافہ تھا۔

مالی سال 2021 (جولائی سے اکتوبر) کے دوران ورکرز کی ترسیلات زر میں 9 ارب 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 26.5 فیصد کا اضافہ ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے غیر ملکی کرنسی مارکیٹ کے ڈھانچے اور اس کی حرکات میں بہتری، پاکستان ریمیٹنس انی شی ایٹو (پی آر آئی) کے تحت سرگرمیوں کو باضابطہ کرنے اور محدود سرحد پار سفر کی کوششوں سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے محمد سہیل کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار متوقع تھے کیونکہ جنوبی ایشیا کے خطے میں لاک ڈاؤن، پروازوں میں اور غیرسرکاری فنڈز کی نقل و حمل میں کمی کی وجہ سے ترسیلات زر میں اوسط سے اضافہ رہا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ستمبر میں ترسیلات زر میں 31.2 فیصد اضافہ

انہوں نے کہا کہ قلیل وقت میں ترسیلات زر میں یہ اضافہ مقامی کرنسی کو سپورٹ کرے گا۔

قبل ازیں عالمی بینک کی رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ 2020 میں پاکستان میں ترسیلات زر تقریباً 9 فیصد بڑھ کر 24 ارب ڈالر رہے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں