پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 71 اموات، کیسز میں 2 ہزار 729 کا اضافہ

اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2020
پاکستان میں اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: فضل خالق
پاکستان میں اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: فضل خالق

پاکستان میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملک میں یومیہ کیسز اور اموات میں اضافے سے صورتحال تشویشناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہے جس میں سے 3 لاکھ 81ہزار 208 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ **اموات کی تعداد 8 ہزار 724 ** تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 41 ہزار 426 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 729 کے نتائج مثبت آئے، اس کے علاوہ مزید 71 مریض کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہارگئے، تاہم خوش آئندہ بات یہ رہی کہ 2 ہزار 116 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی تھی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 12 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 489 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 735 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 23 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 132 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 629 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 526 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 36 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 320 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 232 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 51 ہزار 404 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 455 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 46 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 696 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 173 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 286 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 300 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 5 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 358 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 42 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 620 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 188 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 775 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 98 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 116 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 208 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 435056

صحتیاب: 381208

اموات: 8724

فعال کیسز: 45124

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار 735 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 26 ہزار 526 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 51 ہزار 404 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 696 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 34 ہزار 300، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 620 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 775 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3132

پنجاب:3320

خیبرپختونخوا: 1455

بلوچستان: 173

اسلام آباد: 358

آزاد کشمیر: 188

گلگت بلتستان:98

تبصرے (0) بند ہیں