پاکستان سے ٹی20 سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ کا اعلان

12 دسمبر 2020
تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا— فائل فوٹو: رائٹرز
تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا— فائل فوٹو: رائٹرز

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

کمر کی انجری کے سبب فاسٹ باؤلر لوکی فرگیوسن بھی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ گھر میں بچے کی ولادت کے سبب چھٹیوں پر موجود کین ولیمسن بھی پہلے ون ڈے میں موجود نہیں ہوں گے۔

مزید پڑھیں: قرنطینہ کے دوران دورہ نیوزی لینڈ منسوخ کرنے پر سوچا گیا، مصباح

کین ولیمسن کی طرح فاسٹ باؤلر ٹرینٹ بولٹ بھی صرف دوسرے اور ٹی20 میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

فاسٹ باؤلر جیکب ڈفی کو ڈومیسٹک کرکٹ اور نیوزی لینڈ اے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پہلی مرتبہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان کے خلاف ایڈن پارک میں سیریز کے افتتاحی میچ میں مچل سینٹنر ٹیم کی قیادت کریں گے جو تیسرے ٹی20 میچ میں ولیمسن کی غٰرموجودگی میں بھی یہ ذمے داری انجام دے چکے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں تیسری وکٹ کے لیے 181 رنز کی شراکت قائم کرنے والے گلین فلپس اور ڈیون کونوے کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان، سرفراز کی واپسی

سلیکٹر گیون لارسن نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 میچوں میں 38 اور 9 رنز بنانے والے روس ٹیلر کو ناقص فارم کی وجہ سے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ روس ٹیلر کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ بہت مشکل تھا کیونکہ وہ ایک مستقل پرفارمر ہیں لیکن کین ولیمسن کی واپسی اور ناقص فارم کی وجہ سے ان کی اسکواڈ میں جگہ نہ بن سکی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز ہو گا جہاں تینوں میچ بالترتیب 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

سیریز کے پہلے ٹی20 میچ کے لیے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

مچل سینٹنر(کپتان)، ٹوڈ ایسٹل، ڈگ بریسویل، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، مارٹن گپٹل، اسکاٹ کگلیگن، جیمز نیشام، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، اش سودھی اور بلیئر ٹکنر۔

سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹی20 میچوں کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی یہ ہیں۔

کین ولیمسن، ٹرینٹ بولٹ، ٹوڈ ایسٹل، ڈیون کونوے، مارٹن گپٹل، کائل جیمیسن، اسکاٹ کگلیگن، ڈیرل مچل، جیمز نیشام، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، اش سودھی اور ٹم ساؤدھی۔

تبصرے (0) بند ہیں