کورونا وبا: ایک روز میں مزید 3 ہزار 369 کیسز، 72 اموات

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز ایک مرتبہ پھر بڑھ رہے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز ایک مرتبہ پھر بڑھ رہے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں کو ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی وار جاری ہیں اور دوسری لہر کے دوران یومیہ کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 425 ہے جس میں سے 3 لاکھ 83 ہزار صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 796 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 42 ہزار 222 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 369 کے نتائج مثبت آئے، اس کے علاوہ مزید 72 مریض کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہارگئے، تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ ایک ہزار 792 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی تھی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 13 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 624 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 359 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 17 مریض انتقال کرگئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 149 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 686 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 212 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 31 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 351 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 688 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 52 ہزار 92 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 463 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 41 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 737 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں 2 کا اضافہ بھی ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 175 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 279 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 579 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 10 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 368 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 43 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 663 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 191 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 783 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک موت ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 792 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 83 ہزار ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 438425

صحتیاب: 383000

اموات: 8796

فعال کیسز: 46629

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 359 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 212 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 52 ہزار 92 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 737 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 34 ہزار 579 ، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 663 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 783 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3149

پنجاب:3351

خیبرپختونخوا: 1463

بلوچستان: 175

اسلام آباد: 368

آزاد کشمیر: 191

گلگت بلتستان:99

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں