شہزادہ ہیری و میگھن مارکل 'اسپاٹی فائے' کیلئے پروگرام کریں گے

16 دسمبر 2020
دونوں جلد نیٹ فلیکس کے لیے فلمیں بھی بنانا شروع کریں گے—فائل فوٹو: پریس ایسوسی ایشن
دونوں جلد نیٹ فلیکس کے لیے فلمیں بھی بنانا شروع کریں گے—فائل فوٹو: پریس ایسوسی ایشن

رواں برس ستمبر میں اسٹریمنگ ویب سائٹ نے تصدیق کی تھی کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل ان کے لیے فلمیں بنائیں گے۔

اور اب میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ اسپاٹی فائے نے تصدیق کی ہے کہ برطانوی جوڑا ان کے لیے خصوصی پروگرام کرے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ نے 16 دسمبر کو تصدیق کی کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل ان کے لیے پوڈکاسٹ شو کریں گے۔

پوڈکاسٹ شو ڈیجیٹل پروگرام کو کہتے ہیں، یہ لفظ براڈکاسٹنگ اور آئی پوڈ سے لیے گئے الفاظ سے بنایا گیا ہے۔

پوڈکاسٹ ایسے ڈیجیٹل پروگرام کو کہتے ہیں جو نہ صرف آن لائن نشر کیا جاتا ہے بلکہ اسے ڈاؤن لوڈ کرکے ایک سے دوسری جگہ فائلز کی طرح منتقل کرکے بھی سنا جا سکتا ہے۔

حالیہ چند سال میں ہونے والے ریڈیو، ٹی وی، اسٹریمنگ ویب سائٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے شوز اور پروگرامات کو پوڈکاسٹ کہا جاتا ہے۔

دونوں نے رواں برس مارچ میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
دونوں نے رواں برس مارچ میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

اب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل بھی 'اسپاٹی فائے' کے لیے پوڈکاسٹ شو کرتے دکھائی دیں گے، وہ نہ صرف اس شو کی میزبانی کریں گے بلکہ وہ اسے پروڈیوس بھی کریں گے۔

دونوں کا پہلا پوڈکاسٹ پروگرام رواں برس کے اختتام اور سال نو سے قبل نشر کیا جائے گا تاہم ان کا مستقل پروگرام آئندہ سال سے ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نیٹ فلیکس کیلئے فلمیں بنائیں گے

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ برطانوی جوڑے نے 'اسپاٹی فائے' کے ساتھ کتنے ارب ڈالرز میں کتنے سال کا معاہدہ کیا ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان چند سال کا معاہدہ ہوا ہے۔

'اسپاٹی فائے' کو میوزک و پوڈ کاسٹ شوز کی بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ کا درجہ حاصل ہے، جس پر کئی زبانوں کے لاکھوں گانے موجود ہیں جب کہ اس ویب سائٹ پر کم از کم 15 لاکھ پوڈکاسٹ شوز بھی موجود ہیں۔

'اسپاٹی فائے' پر پروگرام کرنے کے علاوہ برطانوی شاہی جوڑا جلد نیٹ فلیکس کے لیے دستاویزی فلمیں بنانے کا کام بھی شروع کرے گا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ شاہی جوڑا آئندہ سال سے فلمیں پروڈیوس کرنا شروع کردے گا۔

دونوں نے رواں برس 9 مارچ کو باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کرکے ابتدائی طور پر کینیڈا اور بعد ازاں امریکا میں رہائش اختیار کی تھی اور وہ آزادانہ طور پر اںٹرٹینمنٹ، فیشن، کھیل اور صحت کے شعبوں میں کام کرکے الگ پہچان بنانے سمیت خود مختار ہونا چاہتے ہیں۔

ممکنہ طور پر دونوں آئندہ سال سے نیٹ فلیکس کے لیے فلمیں پروڈیوس کرنا شروع کردیں گے—فائل فوٹو: سسیکس انسٹاگرام
ممکنہ طور پر دونوں آئندہ سال سے نیٹ فلیکس کے لیے فلمیں پروڈیوس کرنا شروع کردیں گے—فائل فوٹو: سسیکس انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں