سندھ اسمبلی کی خالی نشست پر 18 جنوری کو ضمنی انتخاب کا اعلان

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2020
آئین و قانون کے تحت کسی بھی اسمبلی کی نشست خالی ہونے پر 60 روز میں ضمنی انتخابات کروانے ہوتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
آئین و قانون کے تحت کسی بھی اسمبلی کی نشست خالی ہونے پر 60 روز میں ضمنی انتخابات کروانے ہوتے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ اسمبلی کے رکن کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-52 عمر کوٹ 2 پر ضمنی انتخاب 18 جنوری کو ہوگا۔

مذکورہ نشست سابق صوبائی وزیر اور رکن اسمبلی سید علی مردان شاہ کے انتقال کے باعث جنوری 2020 میں خالی ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا خالی نشستوں پر اچانک ضمنی انتخابات کروانے کا فیصلہ

علی مردان شاہ عمر کوٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ضلعی صدر تھے جن کی وفات حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث ہوئی تھی۔

آئین و قانون کے تحت کسی بھی اسمبلی کی نشست خالی ہونے پر 60 روز میں ضمنی انتخابات کروانے ہوتے ہیں۔

ملک میں قومی اسمبلی کی 2 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں، ان میں سندھ میں صوبائی اسمبلی کے 3 حلقے جبکہ دیگر تینوں صوبوں میں ایک ایک اور خیبرپختونخوا اور پنجاب میں قومی اسمبلی کا ایک ایک حلقہ شامل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہونے والے ایک اجلاس میں الیکشن کمیشن پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کروانے کا فیصلہ کیا تھا جو عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث اب تک زیر التوا تھے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے تمام ضمنی انتخابات 31 جنوری تک مؤخر کردیے

حالانکہ یکم دسمبر کو الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ 31 جنوری 2021 تک کوئی بھی زیر التوا ضمنی انتخاب نہیں کروایا جائے گا۔

مذکورہ اجلاس میں سندھ کے علاوہ تمام صوبوں نے مدعو کیے جانے کے باوجود شرکت نہیں کی تھی اور حکومتِ سندھ کے عہدیداران کی جانب سے نشاندہی کی گئی کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں مل کر الیکٹورل کالج تشکیل دیتی ہیں اور اگر خالی نشستیں پُر نہ کی گئیں تو الیکٹورل کالج نامکمل رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حال ہی میں گلگت بلتستان میں بھی انتخابات ہوئے ہیں اور امریکی صدارتی انتخابات کا بھی حوالہ دیا جہاں کووِڈ 19 کا پھیلاؤ سب سے زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے سندھ میں حلقہ بندیوں کے عمل کو مؤخر کردیا

اس موقع پر ای سی پی کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ سندھ حکومت ضمنی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں کووِڈ 19 سے تحفظ کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کروائے گی۔

چنانچہ الیکشن کمیشن نے حقائق کا جائزہ لینے کے بعد خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کروانے کا فیصلہ کرلیا اور ای سی پی سیکریٹریٹ کو اس حوالے سے شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت دے دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں