شمالی وزیرستان: فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

24 دسمبر 2020
دہشت گردوں کے حملے میں مالاکنڈ کے 34 سالہ نائیک یاسین شہید ہوئے — فوٹو: آئی ایس پی آر
دہشت گردوں کے حملے میں مالاکنڈ کے 34 سالہ نائیک یاسین شہید ہوئے — فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا جبکہ 2 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر گزشتہ شب حملہ کیا۔

دہشت گردوں کے حملے میں مالاکنڈ کے 34 سالہ نائیک یاسین شہید جبکہ 7 اہلکار زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز نے حملے کا بھرپور دیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: فورسز کے آپریشن میں دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شہید

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے حوالدار شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آپریشن کے دوران ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی سامان برآمد کرلیا گیا۔

قبل ازیں 22 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے آواران میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کا تبادلہ، 10 ’دہشتگرد’ ہلاک

آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں 20 دسمبر کو آواران کے علاقے میں لانس نائیک محمد اقبال شہید ہوگئے تھے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں