گلگت بلتستان: آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 2 میجر سمیت 4 فوجی شہید

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2020
ہیلی کاپٹر تکنیکی وجوہات کے باعث گرکر تباہ ہوا — فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
ہیلی کاپٹر تکنیکی وجوہات کے باعث گرکر تباہ ہوا — فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے منی مرگ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق ہیلی کاپٹر شہید سپاہی عبدالقدیر کی میت لے کر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) اسکردو جارہا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تکنیکی وجوہات کے باعث ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا۔

مزید پڑھیں: اٹک میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

واقعے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پائلٹ میجر محمد حسین، شریک پائلٹ میجر ایاز حسین، نائیک انضمام عالم اور سپاہی محمد فاروق نے جام شہادت نوش کیا۔

میجر محمد حسین اسکردو، میجر ایاز حسین کراچی، نائیک انضمام چکوال جبکہ سپاہی فاروق ساہیوال سے تعلق رکھتے تھے۔

ادھر گلگت بلتستان کے وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملک کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

واضح رہے کہ ماضی میں پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے گرنے کے چند واقعات پیش آچکے ہیں جن میں ہوا بازوں نے جامِ شہادت بھی نوش کیا۔

15 ستمبر کو صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں پاک فضائیہ کا ایک طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم پائلٹ بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا اور زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

اس سے قبل 11 مارچ کو اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہوگئے تھے۔

اس ضمن میں ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا تھا کہ پی اے ایف کا ایف-16 طیارہ 23 مارچ پریڈ کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: پاک فضائیہ کا ایف-16طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ شہید

12 فروری کو خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں پائلٹ باحفاظت نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔

7 فروری کو صوبہ پنجاب کے شہر شورکوٹ کے قریب معمول کی پرواز کے دوران پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

قبل ازیں 7 جنوری کو میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا طیارہ میراج معمول کی تربیتی پرواز کے دوران شور کوٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں