رشوت دے کر بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلانے پر جیل جانے والی اداکارہ آزاد

29 دسمبر 2020
اداکارہ نے رشوت دے کر بیٹیوں کو داخلہ دلوانے پر قوم سے معافی بھی مانگی تھی—فائل فوٹو: ای پی اے
اداکارہ نے رشوت دے کر بیٹیوں کو داخلہ دلوانے پر قوم سے معافی بھی مانگی تھی—فائل فوٹو: ای پی اے

امریکی پولیس نے ہولی وڈ اداکارہ 56 سالہ لوری لافلن کو رشوت کے عوض بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلانے کے کیس میں 2 ماہ کی سزا مکمل ہونے پر رہا کردیا۔

لوری لافلن نے رواں برس اکتوبر میں خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا، ان پر اور ان کے شوہر فیشن ڈیزائنر موسمو گیانولی پر الزام تھا کہ انہوں نے دو جوان بیٹیوں کو یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کالج میں داخلہ دلوانے کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی رشوت دی تھی۔

دونوں نے عدالت میں کیس چلنے کے بعد ابتدائی طور پر الزامات کو مسترد کیا تھا تاہم بعد ازاں دونوں نے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔ جس کے بعد لوری لافلن اور ان کے شوہر فیشن ڈیزائنر موسمو گیانولی کو رواں برس اگست میں امریکی ریاست میساچوٹس کے شہر بوسٹن کی ضلعی عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے جیل اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

# یہ بھی پڑھیں: رشوت دے کر بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلانے پر اداکارہ کو جیل بھیج دیا گیا

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد لوری لافلن نے اکتوبر میں خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا اور اب دو ماہ کی قید مکمل ہونے پر انہیں رہا کردیا گیا۔

اداکارہ نے 31 اکتوبر کو خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
اداکارہ نے 31 اکتوبر کو خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لوری لافلن کو ریاست کیلی فورنیا کے شہر ڈبلن کے جیل سے رہا کردیا گیا، تاہم ان کے شوہر کی سزا مکمل ہونا ابھی باقی ہے۔

لوری لافلن کے شوہر جیل میں ہیں اور ان کی سزا آئندہ سال اپریل تک ختم ہوگی۔

خیال رہے کہ رشوت کے عوض بچوں کو کالج میں داخلہ دلوانے کا اسکینڈل 2018 کے آخر میں سامنے آیا تھا اور مارچ 2019 میں امریکی محکمہ انصاف نے اسکینڈل میں ملوث 50 اہم شخصیات پر رشوت کے عوض اپنے بچوں کو کالج میں داخلہ دلوانے کی فرد جرم عائد کی تھی۔

مزید پڑھیں: رشوت دے کر بیٹیوں کو کالج میں داخلہ دلوانے پر امریکی اداکارہ کو سزا

اسی کیس میں اداکارہ فیلیسٹی ہفمین سمیت دیگر 50 شوبز، اسپورٹس، فیشن، ٹی وی، کاروبار اور صحافت سے وابستہ شخصیات پر بھی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

مذکورہ اسکینڈل شخصیات کی جانب سے رشوت کے عوض اپنے بچوں کویونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا کے کالج میں داخلہ دلوانے کا اسکینڈل تھا، جس نے امریکا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

اداکارہ نے رشوت کے عوض بیٹیوں کا داخلہ دلانے کا اعتراف بھی کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ نے رشوت کے عوض بیٹیوں کا داخلہ دلانے کا اعتراف بھی کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں