افغانستان سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایف سی اہلکار شہید

شہید فضل واحد کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق شانگلہ، سوات سے تھا — فائل فوٹو
شہید فضل واحد کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق شانگلہ، سوات سے تھا — فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں افغانستان سے دہشت گردوں کی فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے ضلع مہمند میں فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔

پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا موثر و فوری جواب دیا۔

تاہم دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا سپاہی فضل واحد شہید ہوگئے۔

شہید فضل واحد کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق شانگلہ، سوات سے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

گزشتہ سال 14 اکتوبر کو قبائلی علاقے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں حوالدار تنویر نے جام شہادت نوش کیا۔

قبل ازیں 22 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: سرحد پار سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر فائرنگ، پاک فوج کا سپاہی شہید

اس سے قبل 5 اگست کو سرحد پار سے دہشت گردوں اور افغان بارڈر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے مختلف واقعات میں فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں