'عاشقی' کے اداکار راہل رائے دماغی فالج سے صحت یاب ہوگئے

07 جنوری 2021
راہل رائے کو 7 جنوری کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام
راہل رائے کو 7 جنوری کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی میوزیکل رومانٹک فلم 'عاشقی' سے شہرت حاصل کرنے والے بولی وڈ اداکار 52 سالہ راہل رائے تقریبا ڈیڑھ ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دماغی فالج سے صحت یاب ہوگئے۔

راہل رائے گزشتہ برس 30 نومبر کو کارگل کی اونچائی پر شوٹنگ کے دوران دماغی فالج کا شکار ہوئے تھے اور انہیں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

رپورٹس تھیں کہ کارگل کے اونچے مقام پر زیادہ ٹھنڈ اور سانس لینے میں دشواری کے باعث راہل رائے دماغی فالج کا شکار ہوگئے تھے۔

راہل رائے کو کارگل کی اونچائی سے بڑی کوششوں کے بعد ابتدائی طور پر مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر لایا گیا تھا، جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے انہیں ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے نجی ہسپتال میں پہنچایا گیا تھا۔

راہل رائے پر دماغی فالج کا شدید حملہ ہوا تھا اور ان کے ذہن کے ایک حصے میں خون جم گیا تھا، جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئے تھے۔

راہل رائے 30 نومبر 2020 سے لے کر 6 جنوری 2021 تک ہسپتال میں زیر علاج رہے تاہم صحت میں بہتری کے بعد 7 جنوری کو انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راہل رائے کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور وہ تقریبا ڈیڑھ ماہ بعد گھر پہنچے۔

ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد اداکار نے انسٹاگرام پوسٹ میں دعائیں کرنے سب کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اب وہ بلکل ٹھیک ہیں۔

راہل رائے نے 1992 کی فلم 'عاشقی' سے شہرت حاصل کی تھی، ان کے ساتھ انو اگروال نے فلم میں کام کیا تھا۔

فلم ساز مہیش بھٹ کی مذکورہ میوزیکل رومانٹک فلم اتنی مقبول ہوئی کہ آج بھی لوگ اس کے سحر میں ڈوبے ہوئے ہیں تاہم 2013 میں اس کا ریمیک بھی بنایا گیا تھا۔

راہل رائے کو ماضی کا رومانٹک ہیرو بھی قرار دیا جاتا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
راہل رائے کو ماضی کا رومانٹک ہیرو بھی قرار دیا جاتا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

'عاشقی' کے ریمیک میں ادتیہ رائے کپور اور شردھا کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے تاہم ریمیک کے باوجود لوگ پہلی فلم کو نہیں بھلا پائے۔

'عاشقی' کو جہاں اس کی رومانوی کہانی کی وجہ سے پسند کیا گیا، وہیں اسے گانوں کی وجہ سے بھی شہرت حاصل ہوئی اور فلم نے میوزک کے چار بڑے فلم فیئر ایوارڈز بھی جیتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 'عاشقی' فلم کے اداکار کارگل پر شوٹنگ کے دوران فالج کا شکار

'عاشقی' کے مقبول گانوں میں 'میں دنیا بھلا دوں گا، تو میری زندگی ہے، دل کا عالم، اب تیرے بن، نظر کے سامنے اور بس اک صنم چاہیے' شامل تھے۔

تاہم مذکورہ فلم میں اس کے علاوہ بھی کچھ گانے شامل تھے، جنہیں آج بھی بولی وڈ کے مقبول گیت مانا جاتا ہے۔

راہل رائے نے اگرچہ 'عاشقی' سے قبل ہی فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انہیں شہرت مذکورہ فلم سے ہی ملی اور اداکار نے مجموعی طور پر 4 درجن کے قریب فلموں میں کام کیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں