ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا

09 جنوری 2021
ٹوئٹر ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کرتا آ رہا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹوئٹر ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کرتا آ رہا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا کی طاقتور ترین مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے جلد ہی عہدہ صدارت سے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا۔

ماضی میں ٹوئٹر انتظامیہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نفرت انگیز اور تشدد پر اکسانے والی ٹوئٹس کو ہذف یا ڈیلیٹ کرتا آیا تھا، تاہم اب ان کے اکاؤنٹ کو مستقل بنیادوں پر بند کردیا گیا۔

ٹوئٹر کے علاوہ فیس بک اور دیگر سوشل ویب سائٹس بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی نفرت انگیز پوسٹس کو ڈیلیٹ کرتی آ رہی تھیں، تاہم دیگر ویب سائٹس نے ان کے اکاؤنٹ کو تاحال مستقل بنیادوں پر بند نہیں کیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے حال ہی میں امریکی دارالحکومت کے اہم ترین علاقے کیپیٹل ہل میں ہونے والے ہنگاموں سے متعلق نفرت انگیز مواد شیئر کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کیا۔

ٹوئٹر کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بھی تصدیق کی گئی کہ 9 جنوری 2021 سے ڈونلڈ ٹرمپ کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا۔

ٹوئٹر انتظامیہ نے بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بنائے گئے اصولوں کی خلاف ورزی کی بنا پر ان کا اکاؤنٹ بند کیا جا رہا ہے۔

اسی حوالے سے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا بند کیا جانے والے اکاؤنٹ 12 سال قبل بنایا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاستدان میں آنے سے قبل ہی مذکورہ اکاؤنٹ کو مئی 2009 میں بنایا تھا اور انہوں نے اس کا بہترین استعمال کرتے ہوئے اپنے کئی مقاصد پورے کیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بند کیے اکاؤنٹ سے گزشتہ 12 سال میں 57 ہزار ٹوئٹس کی گئیں، جن میں سے آخری 5 سال میں کی جانے والی زیادہ تر ٹوئٹس پر انہیں دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ کو ‘تشدد کو بڑھاوا دینے‘ پر چھپا دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 میں امریکی عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ٹوئٹر پر سیاسی مقاصد کے لیے زیادہ تر نفرت انگیز یا دوسروں کی دل آزاری کرنے والی ٹوئٹس کی تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے 12 سال پرانے اکائونٹ کو 9 جنوری 2021 کو بند کیا گیا—اسکرین شاٹ
ڈونلڈ ٹرمپ کے 12 سال پرانے اکائونٹ کو 9 جنوری 2021 کو بند کیا گیا—اسکرین شاٹ

نفرت انگیز، تشدد پر ابھارنے والی، غلط معلومات اور دوسروں کی دل آزاری کرنے والی ٹوئٹس کرنے پر ٹوئٹر انتظامیہ نے گزشتہ 5 سال میں ڈونلڈ ٹرمپ کی درجنوں ٹوئٹس کو ڈیلیٹ یا ہذف بھی کیا تھا۔

ٹوئٹر کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ ایک ایسے وقت میں بند کیا گیا ہے جب کہ وہ امریکا کے 45 ویں صدر کے طور پر اپنے آخری ایام مکمل کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹ پر پاکستانی سیاستدانوں کا سخت ردعمل

ڈونلڈ ٹرمپ رواں ماہ 20 جنوری کو عہدہ صدارت سے الگ ہوجائیں گے، ان کی جگہ 79 سالہ جوبائیڈن 46 ویں صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو نومبر 2020 میں ہونے والے انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہوں نے اپنی شکست کو بھی حال ہی میں تسلیم کیا، اس سے قبل وہ انتخابات میں دھاندلی کی باتیں کرتے آ رہے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2021 کے بعد امریکی صدر نہیں رہیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2021 کے بعد امریکی صدر نہیں رہیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں