صدر مملکت نے ترک وزیر خارجہ کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا

اپ ڈیٹ 13 جنوری 2021
ایوارڈ سے نوازے جانے پر ترک وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا —فوٹو: ایوان صدر
ایوارڈ سے نوازے جانے پر ترک وزیر خارجہ نے حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا —فوٹو: ایوان صدر

صدر مملکت عارف علوی نے ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کو عالمی سطح پر امن کے فروغ کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ ہلال پاکستان سے نواز دیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو 13 جنوری کو ایوان صدر میں ہونے والی خصوصی تقریب میں ترک سفارتخانے کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ شریک ہوئے۔

ترک وزیر خارجہ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز میں سے ایک دیے جانے کی تقریب میں وفاقی وزرا سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران صدر مملکت نے ترک وزیر خارجہ کی عالمی امن کے فروغ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کے دوسرے اعلیٰ سول ایوارڈ ہلال پاکستان سے نوازا۔

حکومت پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ دیے جانے پر تک وزیر خارجہ نے صدر مملکت سمیت حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ایوارڈ تقریب سے قبل پاکستان اور ترکی کے درمیان کاروبار اور ثقافتی تعاون بڑھانے سے متعلق مذاکرات بھی ہوئے اور بعد ازاں دونوں ممالک نے معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔

ایوان صدر میں ہونے والے مذاکرات میں صدر مملکت نے بھی شرکت کی اور اجلاس کے دوران عارف علوی نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت پر ترک حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، ترکی، آذربائیجان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات ہوں گے

مذاکرات کے دوران صدر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے دوران تجارتی معاہدوں کے تحت پاکستان میں ترکی کی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

صدر مملکت نے ترک حکومت اور عوام کی پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر بھی ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا جب کہ میولود چاوش اولو نے بھی حکومت پاکستان اور صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے مذاکرات کے دوران یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت ہمیشہ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر امور پر حکومت پاکستان کے فیصلوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

ترک وزیر خارجہ نے مذاکرات کے دوران آرمینیا کے ساتھ کشیدگی کے دوران آذربائیجان کی حمایت پر بھی حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

میولود چاوش اولو نے مذاکرات کے دوران بتایا کہ ترک حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت و ثقافت سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون کو مزید بڑھانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ ترکی کے وزیر خارجہ آج اسلام آباد میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات میں پاکستان اور ترکی کے علاوہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ بھی شرکت کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں