ماہرہ خان نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جو ان کی تعریف کروں، میرا

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2021
ریما کو میری فلم باجی کے بعد مجھے تحائف بھیجنے چاہیے تھے، میرا — اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
ریما کو میری فلم باجی کے بعد مجھے تحائف بھیجنے چاہیے تھے، میرا — اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اداکارہ میرا کا خیال ہے کہ اگرچہ ماہرہ خان اچھی اداکارہ ہیں مگر اس کے باوجود انہوں نے کوئی ایسا اچھا کام نہیں کیا جو وہ ان کی دل سے تعریف کرنے پر مجبور ہوں۔

میرا نے ناشپتی پرائم کے پروگرام بائی دے وے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں مہوش حیات بہترین اداکارہ ہیں اور وہ کافی اچھا کام کر رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میرا نے مبہم انداز میں ماہرہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اچھا کام کرتی ہیں مگر انہوں نے کوئی ایسا بہترین کام نہیں کیا، جس کی وجہ سے وہ ان کی دل سے تعریف کریں۔

میرا نے ماہرہ خان پر بات کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیا اور ساتھ ہی انہوں نے ساتھی اداکاراؤں کے حوالے سے بات کرتے وقت بھی زیادہ بات کرنے سے گریز کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریما خان ان سے سینئر ہیں اور ان کی فلم باجی ریلیز ہونے کے بعد ریما کو چاہیے تھا کہ وہ ان کے لیے تحائف بھجواتیں۔

پروگرام کے دوران میرا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 10 سال کی عمر میں ایک اشتہار کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کس سال اداکاری کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ میرا کا منفرد انداز میں ویڈیو پیغام

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اداکار شان کو مشورہ دیا کہ انہیں آگے آکر فلم انڈسٹری کی سیاست کی کمان سنبھالنی چاہیے۔

انٹرویو کے دوران میرا نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں اور ساتھ ہی انکشاف کیا کہ وہ فلم ساز ندیم بیگ کی فلم میں جلد ہی ایکشن میں دکھائی دیں گی تاہم انہوں نے فلم کا نام نہیں بتایا۔

بھارتی و پاکستانی فلم انڈسٹری میں فرق کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں میرا نے بتایا کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اداکاروں کا خیال زیادہ رکھا جاتا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ بھارت گئی تھیں تو انہیں جب تک ہے جان نامی فلم میں سیف علی خان کے ساتھ کام کی پیش کش ہوئی تھی جب کہ انہوں نے جھانسی کی رانی سمیت دیگر فلموں میں کام کے لیے بھی معاہدے کیے تھے۔

خیال رہے کہ جب تک ہے جان فلم میں شاہ رخ خان، کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے کام کیا تھا جب کہ جھانسی کی رانی فلم میں کنگنا رناوٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اداکارہ میرا کی کلاسیکل گانے پر رقص کی ویڈیو وائرل

میرا نے دعویٰ کیا کہ انہیں دیگر کئی بھارتی فلموں میں کام کی پیش کش بھی ہوئی تھی مگر جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے تو انہیں بھارت سے پاکستان واپس آنا پڑا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ میرا 2003 اور 2004 میں بھارت گئی تھیں اور ان کی پہلی بولی وڈ فلم نظر 2005 میں ریلیز ہوئی تھی۔

مذکورہ فلم کے بعد میرا نے بولی وڈ کی دوسری فلم کسک میں بھی کام کیا تھا جو 2006 کے آغاز میں ریلیزہ وئی تھی، اس کے بعد میرا نے تیسری فلم پانچ گھنٹے میں پانچ کروڑ میں بھی کام کیا تھا۔

میرا نے تین بولی وڈ فلموں میں کام کیا اور وہ وقتا بوقتا 5 سے 7 سال تک انڈیا سے پاکستان سفر کرتی رہیں اور انہوں نے بولی وڈ فلم ساز مہیش بھٹ کے ساتھ بھی چند معاہدے کیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں