مالی مشکلات کے باعث ڈپریشن کا شکار بھارتی اداکارہ کی خودکشی

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2021
اداکارہ کافی عرصے سے کام نہ ملنے کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ کافی عرصے سے کام نہ ملنے کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

بھارتی شوبز انڈسٹری شخصیات اور خصوصی طور پر اداکاروں و اداکاراؤں کی جانب سے خودکشی کیے جانے کے رجحان میں ہر گزرتے سال اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

عام طور پر بھارتی شوبز انڈسٹری میں مالی مسائل کی وجہ سے اداکار ڈپریشن کا شکار ہوجانے کے بعد خودکشی پر مجبور ہوتے ہیں تاہم بعض واقعات میں مالی مشکلات نہ ہونے کے باوجود اداکار اپنی زندگی ختم کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

جس طرح گزشتہ سال جون میں اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی نے بھارتی فلم انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اسی طرح اب کنڑ شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ جے شری رمیا کی خودکشی نے انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ابھرتی ہوئی اداکارہ جے شری رمیا کی پھندے سے لٹکی ہوئی لاش بنگلورو میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔

ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو کی پولیس نے تصدیق کی کہ جے شری رامیا نے پھندے سے لٹک کو خودکشی کرلی۔

جے شری رمیا زیادہ تر جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرتی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
جے شری رمیا زیادہ تر جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرتی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

اسی حوالے سے انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پولیس کے مطابق اداکارہ نے 24 اور 25 جنوری کی درمیانی شب کو پھندے سے لٹک کر خودکشی کی تاہم ان کی لاش 25 جنوری کی صبح کو برآمد کی گئی۔

پولیس نے ابتدائی طور پر ہی اداکارہ کو قتل کیے جانے کے شبہات کو ختم کردیا اور بتایا کہ اداکارہ کئی ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھیں۔

جے شری رمیا کنڑ ڈراموں اور فلموں سمیت ویب سیریز میں بھی دکھائی دیتی تھیں، وہ بگ باس کنڈا کے سیزن تھری میں بھی شریک ہوئی تھیں۔

جے شری رمیا نے گزشتہ برس کورونا کے دوران لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے دوران ابتدائی طور پر مداحوں کو ڈپریشن سے آگاہ کیا تھا اور انہوں نے فیس بک لائیو کے دوران بتایا تھا کہ وہ کس قدر پریشان ہیں۔

اگرچہ اس وقت اداکارہ نے مالی مشکلات کا اظہار نہیں کیا تھا تاہم خود پر ہونے والی بے جا تنقید اور سوشل میڈیا پر تضحیک کا نشانہ بنائے جانے پر وہ پریشان تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: محض 4 ماہ میں پانچویں بھارتی اداکار کی خودکشی

بعد ازاں انہوں نے 2020 کے آخر میں ایک بار پھر فیس بک لائیو کے دوران مداحوں سے ڈپریشن پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اب وہ مالی مشکلات کا شکار بھی ہوگئیں اور انہیں کافی عرصے سے کوئی کام نہیں ملا۔

اداکارہ نے مداحوں سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ ڈپریشن سے جنگ نہیں لڑ سکتیں اور انہیں بعض اوقات مرنے کی شدید خواہش ہوجاتی ہے۔

اداکارہ نے بعد ازاں دونوں فیس بک ویڈیوز ڈیلیٹ کردی تھیں اور بتایا تھا کہ وہ اپنی ڈپریشن پر قابو پانے کی کوشش کریں گی، تاہم اب ان کی خودکشی کی خبر نے ان کے مداحوں کو افسردہ کردیا۔

جے شری رمیا سے قبل گزشتہ برس بھارتی شوبز انڈسٹری کی کم از کم نصف درجن شخصیات نے ڈپریشن کے باعث خودکشی کرلی تھی۔

گزشتہ برس خودکشی کرنے والی شخصیات میں سشانت سنگھ راجپوت سمیت ان کی خاتون منیجر اور دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

گزشتہ برس ستمبر میں ابھرتے ہوئے اداکار 26 سالہ اکشت اتکرش اور ان سے قبل معروف تامل اداکارہ 26 سالہ شراونی کونڈاپلی نے جنسی ہراساں کیے جانے پر خودکشی کرلی تھی۔

شراونی کونڈاپلی سے قبل 7 اگست کو بھوجپوری فلموں کی مقبول اداکارہ 40 سالہ انوپما پھاٹک نے بھی خودکشی کی تھی۔

بھارت میں اس سے قبل بھی متعدد اداکار، گلوکار اور فیشن سے وابستہ افراد بھی خودکشیاں کر چکے ہیں۔

9 ستمبر 2020 کو اداکارہ شراونی کونڈاپلی نے خودکشی کرلی تھی—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
9 ستمبر 2020 کو اداکارہ شراونی کونڈاپلی نے خودکشی کرلی تھی—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں