اسٹونیا میں پہلی بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ خاتون نے سنبھال لیا

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2021
کاجا کلاس سابق وزیر اعظم کی بیٹی ہیں—فائل فوٹو: اے پی
کاجا کلاس سابق وزیر اعظم کی بیٹی ہیں—فائل فوٹو: اے پی

بحیرہ بالٹک کے کنارے آباد چھوٹے سے یورپی ملک اسٹونیا کی تاریخ میں پہلی بار صدر مملکت کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر بھی ایک خاتون فائز ہوگئیں۔

اسٹونیا میں گزشتہ ہفتے دو سیاسی جماعتوں نے اتحادی حکومت بنانے اور پہلی بار کسی خاتون کو وزیر اعظم کے عہدے پر فائز کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے اسٹونیا کی اہم ترین سیاسی جماعتوں ریفارم اور سینٹر پارٹی کے درمیان اتحاد ہونے کے بعد 43 سالہ کاجا کلاس کو وزیر اعظم منتخب کیا گیا تھا۔

اور اب انہوں نے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال کر نئی تاریخ رقم کردی۔

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق کاجا کلاس نے 26 جنوری کو حلف اٹھانے کے بعد پہلے خطاب میں قوم کو یقین دہانی کروائی کہ وہ خطے میں اپنے ملک کا وقار بحال کروائیں گی۔

کاجا کلاس کے والد بھی اسٹونیا کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں—فائل فوٹو: بالٹک نیوز
کاجا کلاس کے والد بھی اسٹونیا کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں—فائل فوٹو: بالٹک نیوز

کاجا کلاس کا اپنے پہلے خطاب میں کہنا تھا کہ ان کی حکومت تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات استوار کرکے اسٹونیا کی ایک بالٹک قوم کے طور پر شناخت کو روشناس کروائی گی۔

کاجا کلاس جہاں ملک کی پہلی وزیر اعظم ہیں، وہیں انہوں نے اپنی 14 رکنی کابینہ میں نصف تعداد خواتین کی رکھی ہیں، جن میں سے وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹونیا میں پہلی بار ایک خاتون وزیراعظم منتخب

کاجا کلاس جہاں اسٹونیا کی پہلی وزیر اعظم ہیں، وہیں اسٹونیا کی صدر بھی خاتون ہیں اور 50 سالہ کیرسٹی کالجلیڈ وہاں کی پہلی خاتون صدر ہیں۔

کیرسٹی کالجلیڈ گزشتہ 4 سال سے عہدے پر خدمات سر انجام دے رہی ہیں اور رواں سال کے اختتام تک ان کی مدت مکمل ہوجائے گی۔

کاجا کلاس 2012 میں سیاست میں آئی تھیں—فائل فوٹو: ای آر آر نیوز
کاجا کلاس 2012 میں سیاست میں آئی تھیں—فائل فوٹو: ای آر آر نیوز

اسٹونیا کا شمار یورپ کے کم آبادی والے ممالک میں ہوتا ہے، جہاں آبادی 15 لاکھ سے بھی کم ہے۔

اسٹونیا سابق سوویت یونین کا حصہ رہا ہے، وہاں 1991 سے اب تک کوئی بھی خاتون وزیراعظم نہیں بنی تھیں تاہم اب وہاں نہ صرف پہلی خاتون وزیر اعظم ہیں بلکہ وہاں کی صدر بھی خاتون ہیں اور وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ بھی خواتین ہیں۔

کاجا کلاس کے والد بھی معروف سیاستدان ہیں اور وہ بھی اسٹونیا کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسٹونیا میں پہلی بار ایک خاتون صدر بن گئیں

کاجا کلاس بھی 2012 سے سیاست میں ہیں اور 2019 سے قبل انہیں ریفارم پارٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا، جو مذکورہ عہدے پر پہنچنے والی پہلی خاتون بنی تھیں۔

ان کی سیاسی جماعت نے 2019 میں ہونے والے انتخابات میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی تھی مگر دوسری تین سیاسی جماعتوں نے اتحاد کرکے اسے حکومت بنانے سے دور کیا تھا۔

رواں ماہ اتحادی حکومت کے وزیر اعظم اور وزیروں پر پیسوں کے عوض ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی کو سیاسی فوائد دینے کے الزامات پر کابینہ کے استعفے کے بعد حکومت گر گئی تھی، جس کے بعد کاجا کلاس کی سیاسی جماعت نے سینٹر پارٹی سے اتحاد کرکے نئی حکومت تشکیل دے دی۔

کیرسٹی کالجلیڈ اسٹونیا کی پہلی صدر ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
کیرسٹی کالجلیڈ اسٹونیا کی پہلی صدر ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں