بلوچستان: سبی میں دستی بم حملہ، 24 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 05 فروری 2021
گزشتہ ماہ تربت میں ہونے والے ایک دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے تھے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
گزشتہ ماہ تربت میں ہونے والے ایک دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے تھے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی کے لونی روڈ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

سبی کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) وزیر خان مری نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار شر پسند لونی چوک پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوئے بعد ازاں زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہوگئی۔

دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سبی کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے علاقے تربت میں دھماکا، 4 افراد زخمی

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

دستی بم حملہ ایسے وقت کیا گیا جب چند لمحوں قبل ہی اس روڈ سے یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں نکالی گئی ریلی گزری تھی۔

دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

بلوچستان میں حالیہ بد امنی کے واقعات

خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان گزشتہ کئی برسوں سے بد امنی کا شکار ہے اور یہاں سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے اور مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، صوبے میں شورش کے پسِ پردہ ملک دشمن عناصر کے ملوث ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔

قبل ازیں 10 جنوری کو تربت میں سنیما بازار میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل 3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں دہشت گردوں نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کے بعد قتل کردیا تھا۔

سال 2020 کے آخری مہینے میں بھی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کو فائرنگ اور بم دھماکوں میں نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ یہاں لوگوں کی لاشیں بھی ملیں تھیں۔

27 دسمبر کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔

اس سے ایک روز قبل 26 دسمبر کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ دھماکا مقامی گراؤنڈ میں فٹ بال میچ کے دوران ہوا تھا جس سے قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: کوئلے کی کان میں دھماکا، 3 کان کن جاں بحق

23 دسمبر کو صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے سلک کور میں کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا حوالدار شہید ہوگیا تھا۔

22 دسمبر کو آواران میں ہی خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 10 مشتبہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 21 دسمبر کو ضلع آواران کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا تھا۔

مزید برآں دسمبر کے اوائل میں لیویز فورسز نے مکران ڈویژن کے ضلع کیچ میں 2 مختلف مقامات سے 5 گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں