پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک ہزار 8، اموات میں 40 کا اضافہ

اپ ڈیٹ 09 فروری 2021
ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد کم ہورہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد کم ہورہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے تاہم گزشتہ 2 روز سے ملک میں وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 8 مریض سامنے آئے جبکہ مزید 40 افراد انتقال بھی کرگئے۔

واضح رہے کہ یہ 3 ماہ سے زائد عرصے کے بعد یومیہ کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 56 ہزار 519 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 66 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 441 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 12 ہزار 943 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 31 ہزار 510 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تاہم اس کے باوجود اموات کی تعداد اب بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔

اگر آج 9 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 387 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 434 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 13مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 132 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 412 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 347 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 19 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 919 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 94 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 68 ہزار 625 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 964 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 877 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 196 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 86 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہزار 80 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 480 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 19 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 238 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح وہاں اموات 273 تک پہنچ گئیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیس سامنے آئے اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 918 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 441 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 12 ہزار 943 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 556519

صحتیاب: 512943

اموات: 12066

فعال کیسز: 31510

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 434 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 347 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 68 ہزار 625 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 877 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 42 ہزار 80، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 238 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 918 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4132

پنجاب: 4919

خیبرپختونخوا: 1964

بلوچستان: 196

اسلام آباد: 480

آزاد کشمیر: 273

گلگت بلتستان: 102

تبصرے (0) بند ہیں