• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

جتنے مرضی سرپرائز ہوں، 4 مارچ کو عمران خان وکٹری اسٹینڈ پر ہوگا، شیخ رشید

شائع February 16, 2021
شیخ رشید تقریب سے خطاب کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید تقریب سے خطاب کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سینیٹ انتخابات میں حکمران جماعت کی شکست کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معمولی رد وبدل ہوتا رہتا ہے لیکن 4 مارچ کو عمران خان وکٹری اسٹینڈ پر ہوگا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اس شہر کی آبادی پہلے محض چند لاکھ تھی لیکن اب یہ بڑا شہر بن گیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'نواز شریف واپس آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکیومنٹ جاری کیا جاسکتا ہے'

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میری درخواست پر غور کرے گی اور وہ ایک منظم، پرامن، قانون اور آئین کے دائرے میں لانگ مارچ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر قانون اور آئین کے دائرے میں نہیں ہوگا تو قانون تو پھر قانون ہے اور اس نے عمل کرنا ہے۔

اسلام آباد میں سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے صحافیوں کے سوال پر انہوں نے کہ مجھے پوری امید ہے کہ حفیظ شیخ جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی میں ہوں لیکن عمران خان کا ساتھی ہوں، فواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ سرپرائز ہوگا، جتنا مرضی سرپرائز ہو 4 مارچ کو عمران خان وکٹری اسٹینڈ پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیٹیں آگے پیچھے ہوجاتی ہیں، ساری زندگی ہوتی رہی ہے، پی ٹی آئی کا فیصلہ سارے اراکین اسمبلی مانیں گے لیکن تھوڑا کچھ ہوگا، پی ٹی آئی نوجوان جماعت ہے جو زیادہ ڈیموکریٹ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آج کے شو کے بعد ہم 'پی ڈی ایم' کے لانگ مارچ کو خوش آمدید کہتے ہیں، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہیں اور ابھی بڑے دن ہیں، اس وقت تک بہتر حالات نظر آئیں گے۔

لاپتہ افراد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس کا قانون آنا چاہیے، جس پر ہم کام کر رہے ہیں اور 10،15 دن میں قانون سازی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ متعدد افراد کئی سال سے لاپتہ ہیں اور کئی افراد کے حوالے سے یہ بھی نہیں معلوم کہ وہ لاپتہ ہیں یا پھر خود لاپتہ ہوگئے ہیں، اس لیے قانون سازی کرنے لگے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت وہ لوگ جو اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے وہ آج اسمبلیوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور ٹکٹوں کی جستجو میں لوگوں کی دلچسپی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ اس اسمبلی، جمہوریت، الیکشن کے نظام کی عزت ہے اور وہ لوگ جو اس نظام کو تہہ و بالا کرنا چاہتے تھے یہ ان کی بہت بڑی شکست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ کوئی سرپرائز ہوجائے گا تو کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ کا الیکشن جیتے گا اور اس پر سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ آنے والا ہے جس میں واضح ہوگا کہ انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری ہوگی یا اوپن ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اُمید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ 3 مارچ سے پہلے آجائے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بکنے والے لوگوں کا ضمیر مردہ ہوتا ہے ورنہ لوگ اپنا ضمیر فروخت نہیں کرتے اور جو ایک مرتبہ بکتا ہے وہ 10 مرتبہ بکتا ہے اور آصف زرداری نے ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن انہیں مایوسی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024