پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 52 اموات، مجموعی تعداد 12 ہزار 488 ہوگئی

18 فروری 2021
پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز 25 ہزار سے کم ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز 25 ہزار سے کم ہوگئے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے تاہم یہاں اگر مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو وہ قدر بہتر ہے اور فعال کیسز میں کمی آرہی ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 272مریض سامنے آئے جبکہ مزید 52 افراد انتقال بھی کرگئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 67 ہزار 261 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 488 تک پہنچ گئیں۔

تاہم 2 ہزار 52 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 597 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 24 ہزار 176 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگے جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تھیں۔

اگر آج 18 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 392 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 678 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 19 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 263 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 516 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 716 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 138 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 183 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 70 ہزار 306 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 8 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 15 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 958 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح یہ تعداد 199 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 108 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار 29 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک مریض کا انتقال ہوا، یوں مجموعی اموات 487 پر جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 67 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 629 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہو اور اس طرح یہ تعداد 284 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد وہاں کیسز کی تعداد 4 ہزار 945 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 52 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 597 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 567261

صحتیاب: 530597

اموات: 12488

فعال کیسز: 24176

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 54 ہزار 678ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 716 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 70 ہزار 306 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 958 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 43 ہزار 29، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 629 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 945 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4263

پنجاب: 5138

خیبرپختونخوا: 2015

بلوچستان: 199

اسلام آباد: 487

آزاد کشمیر: 284

گلگت بلتستان: 102

تبصرے (0) بند ہیں