پی ایس ایل 2021: لاہور قلندر نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 21 فروری 2021

ای میل

پشاور زلمی کو پہلی گیند پر نقصان اٹھانا پڑا—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
پشاور زلمی کو پہلی گیند پر نقصان اٹھانا پڑا—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
پشاور زلمی نے 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
پشاور زلمی نے 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
میچ کا ٹاس لاہور قلندر کے نام رہا—تصویر: ڈان نیوز
میچ کا ٹاس لاہور قلندر کے نام رہا—تصویر: ڈان نیوز

لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی اور دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کرلیے۔

قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے روی بوپارا کی نصف سنچری کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز بنا کر لاہور قلندرز کو مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندر کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندر نے رواں سیزن میں اپنے پہلے میچ کا آغا دھواں دار انداز میں کیا اور شاہین شاہ آفریدی نے پہلی گیند پر امام الحق کو وکٹ کیپر بین ڈنک کے ہاتھوں آؤٹ کردیا۔

کامران اکمل اور شیعب ملک کی تجربہ کار جوڑی نے زلمی کی بیٹنگ کو آگے بڑھایا لیکن قلندرز کے سلمان مرزا نے انہیں زیادہ مہلت نہیں دی اور 5 رنز بنا کر کھیلنے والے کامران اکمل کو پویلین بھیج دیا۔

زلمی کی تیسری وکٹ 19 رنز پر گری جب نوجوان بلے باز حیدر علی صفر پر سلمان مرزا کی دوسری وکٹ بن گئے۔

شعیب ملک نے روی بوپارا کے ہمراہ چوتھی وکٹ میں ٹیم کو نصف سنچری کے قریب پہنچایا لیکن ان کی پیش قدمی کو ڈیوڈ ویزے نے روک دی، اس وقت شعیب ملک 26 رنز بنا چکے تھے۔

روی بوپارا نے مشکلات میں گری پشاورزلمی کے اسکور کو ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھایا اور شرفین روتھرفورڈ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے 17 ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل کی۔

شاہین شاہ آفریدی کو باؤلنگ کے لیے واپس لایا گیا تو انہوں نے 17 ویں اوور کی آخری گیند پر روتھرفورڈ کی وکٹ حاصل کرکے زلمی کی پانچویں وکٹ گرادی، جنہوں نے 26 رنز بنائے۔

روی بوپارا کی پشاور زلمی کی جانب سے اچھی بیٹنگ کی سیزن کی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن شاہین شاہ آفریدی نے ان کے 50 رنز مکمل ہوتے ہی راشد خان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا، اس وقت زلمی کا اسکور 124 رنز تھا۔

قلندر کی جانب سے آخری اوور دانیال نے کیا اور اس اوور میں زلمی نے 2 چھکے بھی لگائے تاہم کپتان وہاب ریاض کو ایک چانس بھی مل گیا۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 140 رنز بنائے۔

عماد بٹ 23 اور وہاب ریاض ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، سلمان مرزا نے 2 اور ایک وکٹ ڈیوڈ ویزے کو ملی۔

ہدف کے تعاقب میں قلندرز کے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے بیٹنگ شروع کی اور اچھا آغاز کرتے ہوئے شراکت میں 29 رنز بنائے۔

سہیل اختر 14 رنز بنا کر مجیب الرحمٰن کو وکٹ دے گئے۔

فخرزمان آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو وہاب ریاض کی گیند پر گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں شعیب ملک کے کیچ کا نشانہ بنے۔

تجربہ کار محمد حفیظ سلمان آغاز کا ساتھ نبھانے آئے اور بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی، جس کے بعد سلمان آغا 53 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

بین ڈنک نے روایتی انداز میں جارحانہ انداز اپنایا اور خوب صورت اسٹروکس کھیلے لیکن ایک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تاہم ٹیم کو اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا اور 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا.

ثاقب محمود نے زلمی کو 16 ویں اوور میں دو کامیابیاں دلائی اور ایسے موقع پر وکٹ پر جم کر کھیلنے والے سمت پٹیل اور نئے بلے باز ڈیوڈ ویزے کو واپس پویلین بھیج دیا۔

قلندرز کے آل راؤنڈر راشد خان نے شان دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 27 اورمحمد حفیظ نے 33 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی.

لاہور قلندرز نے 141 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا کر حاصل کیا اور پی ایس ایک چھٹے ایڈیشن کی پہلی فتح حاصل کی.

محمد حفیظ نے 33 اور راشد خان 27 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے.

زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں.

شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ میں لاہور قلندرز کے باؤلر دلبر حسین ہیمسٹرنگ انجری کے باعث میچ نہیں کھیل رہے اور ان کی جگہ سلمان مرزا کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پشاورزلمی: وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، حیدرعلی، شعیب ملک، روی بوپارا، شرفین روتھر فورڈ، عماد بٹ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران

لاہور قلندرز: سہیل اختر کپتان)، فخرزمان، محمد حفیظ، سلمان علی آغا، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا باقاعدہ آغاز گزشتہ روز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوا جہاں پہلے سے ریکارڈ کی گئی افتتاحی تقریب کے بعد شائقین کی ایک محدود تعداد اسٹیڈیم میں بیٹھ کر تقریب میچ سے لطف اندوز ہوئی تھی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے ٹائٹل کے دفاع میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی شکست دی تھی۔

آج کھیلے جانے والے میچ میں اگر ان دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو پشاور زلمی اب تک کھیلے گئے پی ایس ایل کے سیزن میں ایک مرتبہ ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ لاہور قلندر اب تک ٹرافی نہیں جیت سکی۔

لاہور قلندرز اگرچہ پی ایس ایل کے 4 سیزن میں اتنی بہتر کارکردی نہیں دکھا سکی تھی لیکن پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں وہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی، تاہم وہاں اسے کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

تاہم پشاور زلمی کی اب تک کی مجموعی کارکردگی لاہور قلندر کے مقابلے بہتر رہی ہے اور وہ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کی ٹرافی اٹھانے میں بھی کامیاب رہی تھی۔