لیڈی گاگا کا مغوی کتوں کو واپس لانے والے کیلئے 8 کروڑ روپے انعام کا اعلان

اپ ڈیٹ 26 فروری 2021
لیڈی گاگا کے کتوں کو ہتھیاروں کے زور پر اغوا کیا گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/
لیڈی گاگا کے کتوں کو ہتھیاروں کے زور پر اغوا کیا گیا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/

معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا، جو اپنے گانوں اور پرفارمنس کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنے اغوا ہونے والے دو کتوں کو واپس لانے والے کو کروڑوں روپے انعام میں دینے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یورپی ملک اٹلی کے شہر روم میں کسی فلم کی شوٹنگ کے لیے موجود لیڈی گاگا نے اپنے نایاب کتوں کی باحفاظت واپسی کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر انعام میں دینے کا اعلان کردیا۔

لیڈی گاگا نے پولیس کو بتایا کہ جو کوئی بھی شخص ان کے فرانسیسی نسل کے کتوں کو باحفاظت واپس لائے گا، اسے 5 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 8 کروڑ روپے ادا کیے جائیں گے۔

درمیان میں موجود کالی کتیا چالاکی سے مسلح افراد سے بھاگ گئی تھی، جسے گلوکارہ کے اسٹاف نے بازیاب کرالیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
درمیان میں موجود کالی کتیا چالاکی سے مسلح افراد سے بھاگ گئی تھی، جسے گلوکارہ کے اسٹاف نے بازیاب کرالیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و گلوکارہ نے کتوں کی باحفاظت واپسی کے لیے دوسری کوئی شرائط نہیں رکھیں، بس اتنا اعلان کیا ہے کہ جو کوئی بھی ان کے کتے انہیں لاکر دے گا، وہ اسے 8 کروڑ روپے تک کی رقم انعام میں دیں گی۔

لیڈی گاگا کے فرانسیسی نسل کے نایاب کتوں کو چند دن قبل ڈاکو، اداکارہ کے ملازم سے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

ڈاکوؤں نے گلوکارہ کے کتے اس وقت ان کے ملازم سے چھینے جب لیڈی گاگا کا ملازم کتوں کو ٹہلانے اور سیر کرانے کے لیے گھر سے باہر نکلا تھا۔

لیڈی گاگا کے پاس تین نایاب نسل کے کتے ہیں، جن میں ایک کتیا ہے، جس کا نام مس ایشیا ہے، جو دیگر فرانسیسی نسل کے کتوں سے زیادہ چالاک نکلیں اور ڈاکوؤں سے فرار ہوگئی تھیں، جسے بعد میں گلوکارہ کے اسٹاف نے برآمد کیا تھا۔

ڈاکو لیڈی گاگا کے ملازم پر فائرنگ کرکے ان سے کتے چھین کر فرار ہوگئے تھے اور گلوکارہ روم میں کتوں کے اغوا کیے جانے کی خبر کے بعد مایوس دکھائی دیں۔

لیڈی گاگا نے اپنے پیارے کتوں کی واپسی کے لیے لاس اینجلس کی پولیس کے تعاون سے یہ اعلان کردیا کہ جو شخص بھی ان کے کتوں کو واپس لائے گا، اسے 8 کروڑ روپے تک انعام دیا جائے گا۔

ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی پولیس کے مطابق حالیہ چند ماہ میں شہروں میں نایاب نسل کے کتوں کو اغوا کیے جانے کے واقعات میں تیزی دیکھی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق زیادہ تر شخصیات اور امیر لوگوں کے پاس فرانسیسی نسل کے نایاب کتے ہیں، جن کی عالمی مارکیٹ میں بہت مانگ ہے اور چور ان کتوں کو ہزاروں ڈالر کے عوض فروخت کرتے ہیں۔

پولیس نے کتے پالنے والے افراد کو تجویز دی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کتوں کی تصاویر شیئر نہ کریں اور نہ ہی ان سے متعلق کسی کو کوئی معلومات فراہم کریں۔

پولیس نے کتوں کے مالکان کو یہ تجویز بھی دی ہے کہ کتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خفیہ کیمرے نصب کرنے سمیت ان کی تفریح کا بندوبست گھر کے اندر ہی کیا جائے۔

اغوا ہونے والا ایک کتا گلوکارہ کو بہت عزیز تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اغوا ہونے والا ایک کتا گلوکارہ کو بہت عزیز تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں