پی ایس ایل 2021: سلطانز کی قلندرز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ، سیزن میں پہلی کامیابی

اپ ڈیٹ 26 فروری 2021
صہیب مقصود اور محمد رضوان نے شان دار نصف سنچریاں بنائیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
صہیب مقصود اور محمد رضوان نے شان دار نصف سنچریاں بنائیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
محمد رضوان نے نصف سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل
محمد رضوان نے نصف سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل
محمد حفیظ نے 5 چھکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر نصف سنچری بنائی-فوٹو: لاہور قلندرز ٹوئٹر
محمد حفیظ نے 5 چھکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر نصف سنچری بنائی-فوٹو: لاہور قلندرز ٹوئٹر
لاہور قلندرز نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی—فوٹو: ملتان سلطانز
لاہور قلندرز نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی—فوٹو: ملتان سلطانز

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے محمد رضوان اور صہیب مقصود کی نصف سنچریوں سے مزین شان دار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کے 158 رنز کے ہدف کو 17 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرکے رواں سیزن میں پہلی کامیابی اپنے نام کرلی.

پی ایس ایل 2021 کے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر نقصان کے بعد میچ میں واپسی کرتے ہوئے محمد حفیظ کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 157 رنز بنالیے.

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا اور کپتان سہیل اختر فارم میں نظر نہیں آئے اور چوتھے اوور میں کارلوس بریتھویٹ کی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا اسکور صرف 17 رنز تھا۔

دوسرے اوپنر فخر زمان بھی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور اگلے اوور میں شاہنواز دھنی کی تیز گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے، اس سے قبل سہیل اختر 12 گیندوں پر صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے اور فخر زمان 11 گیندوں پر 9 رنز بنا سکے۔

محمد حفیظ اور جان ڈیلی نے کریز سنبھالی اور ابتدائی نقصان کے ازالے کے لیے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز کی بہترین شراکت قائم کی، اس دوران محمد حفیظ نے 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔

محمد حفیظ نے 12 ویں اوور کی آخری گیند پر شاہنواز دھنی کو چھکا مار کر رواں سیزن میں اپنی دوسری جبکہ پی ایس ایل میں مجوعی طور پر آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔

سلطانز کے کپتان ایک مرتبہ پھر کارلوس بریتھویٹ کو باؤلنگ کے لیے واپس لے آئے اور بریک کے بعد پہلے ہی اوور میں 31 رنز بنانے والے ڈینلی کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کرا دیا اور ٹیم کے لیے تیسری وکٹ دلائی، اس وقت قلندرز کا اسکور 106 رنز تک پہنچ گیا تھا۔

لاہور قلندرز نے تیسری وکٹ پر ٹیم کو مشکل سے ضرور نکالا لیکن وقفے کے بعد ایک مرتبہ ڈرامائی حالات پیش آئے جہاں ڈینلی کے بعد 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر عثمان قادر نے خطرناک بلے باز ڈنک کو آؤٹ کردیا.

محمد حفیظ نے ایونٹ میں اپنی زبردست فارم کو جاری رکھا اور 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 61 رنز بنائے لیکن سلطانز کے عثمان قادر نے 15 ویں اوور میں رن آؤٹ کرکے ان کی پیش قدمی روک دی۔

تجربہ کار آل راؤنڈر آؤٹ ہوئے تو قلندرز کا اسکور 122 رنز تھا، ڈیوڈ ویزے بھی جلد ہی آؤٹ ہوئے اور صرف 13 رنز کا حصہ جوڑا۔

سمت پٹیل نے شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ میں ٹیم کی اننگز مکمل کی اور مقررہ اوورز میں قلندرز نے 6 وکٹوں پر157 رنز بنائے۔

سلطانز کے شاہنواز دھنی اور بریتھویٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سمت پٹیل 26 اور شاہین شاہ آفریدی 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ملتان سلطانز کے صرف ایک رن پر کرس لین کو صفر پر بولڈ کرکے اہم کامیابی دلائی.

جیمز وینس نے 30 رنز تک کپتان محمد رضوان کا ساتھ دیا مگر سمت پٹیل نے حارث رؤف کے ہاتھوں آؤٹ کرادیا، وہ صرف 5 رنز بنا سکے.

کپتان محمد رضوان اور صہیب مقصود نے تیسری وکٹ پر اچھی بیٹنگ کی اور کپتان نے اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری بھی پوری کی.

محمد رضوان نے جیت کی تلاش میں سرگرداں ٹیم کی پوزیشن مستحکم بناتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی.

قلندرز نے رضوان کو 83 کے مجموعے پر ایک موقع بھی فراہم کیا جب وہ 55 رنز بنا کر کھیل رہے تھے، فخر زمان نے ان کا کیچ گرایا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی نے لاہور قلندرز کو ایک مرتبہ پھر وکٹ دلائی اور اس مرتبہ سلطانز کے کپتان کی قیمتی وکٹ حاصل کی جو 76 رنز بنا کر 140 کے مجموعے پر حارث رؤف کو کیچ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ سے صہیب مقصود نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 35 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری بنائی.

صہیب مقصود اور رلی روسو نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اور صہیب مقصود نے 17 ویں اوور کی دوسری گیند پر حارث رؤف کو بلند و بالا چھکا رسید کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 159 تک پہنچایا.

ملتان سلطانز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا نمبر حاصل کرلیا.

لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ ٹیم میں سہیل تنویر کی جگہ سہیل خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ لاہور قلندرز نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز ابتدائی دونوں میچوں میں ناکام جبکہ لاہور قلندرز نے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

لاہور قلندرز: سہیل اختر (کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، جان ڈینلی، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، سلمان مرزا

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، رلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھویٹ، سہیل خان، عثمان دار، شاہنواز دھنی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں