پاکستان میں کورونا وائرس ایک سال میں 12 ہزار 804 زندگیاں نگل گیا

اپ ڈیٹ 26 فروری 2021
ملک میں فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 285 رہ گئی ہے—فائل فوٹو: اے پی پی
ملک میں فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 285 رہ گئی ہے—فائل فوٹو: اے پی پی

آج پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کو ایک سال مکمل ہوگیا، اس وبا کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے انسانوں نے بے مثال صورتحال کا سامنا کیا تاہم اب وائرس سے بچاؤ کی ویکسینز لگائی جارہی ہیں جس سے اُمید ہے کہ پوری دنیا اپنے معمول پر جلد ہی لوٹ جائے گی۔

کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 541 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 32 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 77 ہزار 482 ہوگئی جبکہ اموات 12 ہزار 804 تک پہنچ گئیں۔

دوسری جانب مزید 2 ہزار 505 مریض اس وبا سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے صحتیاب ہوئے، یوں ملک میں فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 285 رہ گئی جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار 393 ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔

تاہم اپریل سے ہی پابندیوں میں نرمی کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جو مئی میں رمضان اور عید کے موقع پر بہت زیادہ نرم ہوگئی تھیں جس کے نتیجے میں جون کے دوران پاکستان نے وبا کا عروج دیکھا جس میں یومیہ کیسز 6 ہزار سے تجاوز کر گئے تھے۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

بعدازاں تعلیمی ادارے کو جنوری 2021 سے مرحلے وار کھول دیے گئے البتہ حکومت نے تعلیمی سلسلے کو یکم مارچ سے معمول کے مطابق بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی شادیوں، سینما گھروں پر عائد پابندیاں 15 مارچ سے ختم ہوجائیں گی۔

آج ٹھیک ایک سال بعد 26 فروری کو ملک میں وائرس کی صورتحال کیا ہے؟ دیکھیے:

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 319 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 408 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 7 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 322 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 748 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 222 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 15 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 323 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 238 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 71 ہزار 728 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 65 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 19 ہزار 35 ہوگئے۔

اس کے علاوہ صوبے میں 13 فروری کے بعد ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 200 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 131 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 44 ہزار 32 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا میں مبتلا 2 مریض انتقال کر گئے یوں مجموعی اموات 496 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 79 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 10 ہزار 101 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں مزید کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی اور اموات کی مجموعی تعداد 296 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آیا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 956 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 505 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 42 ہزار 393 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 577482

صحتیاب: 542393

اموات: 12804

فعال کیسز: 22285

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 408 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 70 ہزار 222 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 71 ہزار 728 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار 35 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 44 ہزار 32، آزاد کشمیر میں 10 ہزار 101 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 956 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4322

پنجاب: 5323

خیبرپختونخوا: 20650

بلوچستان: 200

اسلام آباد: 496

آزاد کشمیر: 296

گلگت بلتستان: 102

تبصرے (0) بند ہیں