پی ایس ایل 2021: وہاب کی جادوئی باؤلنگ، زلمی نے یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے زیر کرلیا

اپ ڈیٹ 28 فروری 2021
ثاقب محمود نے الیکس ہیلز کی وکٹ بھی حاصل کی —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
ثاقب محمود نے الیکس ہیلز کی وکٹ بھی حاصل کی —فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
وہاب ریاض نے 4 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
وہاب ریاض نے 4 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)2021 کے کم ترین ہدف کے حصول میں پشاور زلمی کو شروع میں نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار باؤلنگ کی تاہم دیگر بلے بازوں نے زلمی کو باآسانی 17 گیندیں قبل 6 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔

اسے قبل پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم وہاب ریاض کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے رواں سیزن کے سب سے کم اسکور 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 2021 کے 10ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ شروع کی تو وہاب رہاض نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر پہلا میچ کھیلنے والے پال اسٹرلنگ کی وکٹیں بکھیر دیں۔

الیکس ہیلز اسکور آگے بڑھاتے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے بلے باز آؤٹ ہوتے گئے، فل سالٹ صرف 9 رنز بنا سکے تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور 38 رنز تک پہنچ گیا تھا۔

ثاقب محمود نے پشاور زلمی کے لیے دوسری وکٹ فل سالٹ کو بولڈ کر کے حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ عمید آصف نے حاصل کی جب 41 کے مجموعے پر فہیم اشرف 2 رنز بنا کر کوہلر کو کیچ دے بیٹھے۔

کپتان شاداب خان پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ وکٹوں کے درمیان جھکتے ہوئے رن لینے کی کوشش میں ناکامی کے باعث کریز بدر ہوگئے اور اس وقت ٹیم کا اسکور 7 اوورز میں 55 رنز تھا۔

الیکس ہیلز نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 گیندوں پر 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز ضرور کھیلی لیکن ان کے عزائم کو ثاقب محمود نے محمد عمران کے ہاتھوں کیچ کروا کر خاک میں ملا دیا۔

مجیب الرحمٰن نے حسین طلعت کو آؤٹ کیا جو 22 رنز بنا کر کھیل رہے تھے جبکہ نئے آنے والے بلے باز آصف علی نے چھکا مار کر دباؤ کم کرنے کی کوشش کی۔

پشاور زلمی کے کپتان اننگز کا 15واں اوور کرنے آئے تو یونائیٹڈ کا اسکور 6 وکٹوں پر 109 رنز تھا لیکن انہوں نے دونوں اہم وکٹیں حاصل کرتے ہوئے گزشتہ میچ میں ان کے خلاف کی گئی جارحانہ بیٹنگ کا بدلہ چکایا۔

افتخار احمد 15ویں اوور کی پہلی گیند پر کوہلر کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے اور انہوں نے صرف 7 رنز بنائے تھے۔

آصف علی 2 چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر اپنے ارادے ظاہر کر چکے تھے لیکن وہاب ریاض نے اوور کی آخری گیند پر انہیں چلتا کردیا۔

وہاب ریاض نے زبردست باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 17ویں اوور کی تیسری گیند پر حسن علی کو آؤٹ کردیا، وہ 7 رنز پر کھیل رہے تھے اور ٹیم کا اسکور 118 رنز تھا

ثاقب محمود نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر محمد وسیم کی وکٹ حاصل کی تو اسلام آباد کی پوری ٹیم 18ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈھیر ہو چکی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 18ویں اوور کی پہلی گیند پر 118 رنز پر آؤٹ ہوگئی جو رواں سیزن میں اب تک کا سب سے کم اسکور ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں اور صرف 17 رنز دیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے ٹیم کے کم اسکور کے دفاع کے لیے پہلی اوور کی تیسری گیند پر ان فارم بلے باز امام الحق کو صفر پر آؤٹ کر کے مضبوط بنیاد رکھی۔

دوسرے اوور میں شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان باؤلر محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی کے خطرناک بلے باز کامران اکمل کو بھی آؤٹ کرکے زلمی کو دباؤ کا شکار کردیا کیونکہ اس وقت پشاور کا اسکور محض 6 رنز تھا اور 2 اہم وکٹیں گر چکی تھیں۔

ٹام کوہلر اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کے اندر اچانک پیدا ہونے والی بے یقینی کو ختم کر دیا۔

زلمی کی تیسری وکٹ کوہلر کی صورت میں گری، جب وہ 69 کے اسکور پر 46 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

حیدر علی نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں سے مزین 36 رنز کی اننگز کھیل کر سست بیٹنگ کی رفتار میں تیزی لائی لیکن 17ویں اوور کی پانچویں گیند پر حسن علی نے انہیں آؤٹ کر دیا، تاہم ٹیم فتح کے قریب پہنچ چکی تھی۔

پشاور زلمی نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شعیب ملک 29 اور شرفین روتھرفورڈ 6 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

حسن علی نے 2 اور محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

وہاب ریاض کو ایونٹ کی بہترین باؤلنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رواں سیزن میں پشاور زلمی کا یہ چوتھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا میچ تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی اور اس میچ سے قبل چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود تھی جبکہ پشاور زلمی کو دو فتح اور ایک ناکامی کا سامنا رہا تھا، تاہم 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، حیدرعلی، شعیب ملک، ٹام کوہلرکیڈمور، شرفین روتھر فورڈ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران، عمید آصف

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، اسٹرلنگ، فہیم اشرف، حسن علی، فواد احمد اور محمد وسیم

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں