پاکستان میں کورونا کے فعال کیسز 22 ہزار سے کم

اپ ڈیٹ 28 فروری 2021
پاکستان میں کورونا وائرس کے 94 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں کورونا وائرس کے 94 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر کا طرز زندگی تبدیل کرکے رکھ دینے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی جاری ہے تاہم دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت یہاں صورتحال قدر بہتر ہے۔

اس عالمی وبا کو ملک میں ایک برس کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران کیسز کی تعداد میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تاہم کئی روز سے کیسز کی یومیہ تعداد ایک ہزار سے ایک ہزار 500 کے درمیان ہی ریکارڈ ہورہی ہے جبکہ اموات بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے آغاز کے بعد وفاقی سطح پر ایک نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) قائم کیا گیا تھا جو ملک میں کورونا وائرس کی تمام صورتحال اور اعداد و شمار سے متعلق آگاہ کرتا ہے۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار پر اگر نظر ڈالیں تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 176 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 79 ہزار 973 ہوگئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 23 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 12 ہزار 860 تک پہنچ گئی۔

تاہم ملک میں حالات معمول پر آنے کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے اور اس وائرس سے اب تک 94 فیصد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان صحتیاب افراد کی تعداد میں 871 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 45 ہزار 277 ہوگئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں، لاک ڈاؤن جیسی صورتحال پیش آئی تھی۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاتی رہیں اور تعلیمی اداروں کو بھی مجموعی صورتحال کے جائزے کے بعد مرحلہ وار طریقے سے کھولا گیا۔

اگر پاکستان بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کو صوبوں اور علاقوں میں تقسیم کریں تو 28 فروری کو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 274 افراد کو متاثر کیا جبکہ 8 افراد انتقال بھی کرگئے۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز 2 لاکھ 58 ہزار 4 ہوگئے اور اموات 4 ہزار 343 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ملک میں کیسز کے حساب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب میں یہ وائرس مزید 532 افراد کو متاثر کرنے اور 13 کی زندگیاں لینے کا سبب بنا۔

یوں پنجاب میں مجموعی کیسز ایک لاکھ 71 ہزار 349 اور اموات 5 ہزار 350 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں عالمی وبا کے 159 نئے کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 72 ہزار 162 اور اموات 2 ہزار 72 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدر بہتر رہی اور وہاں 24 گھنٹوں میں 7 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کسی فرد کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 45 اور اموات 200 ہوگئیں۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 153 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

جس کے بعد وہاں اگر مجموعی کیسز کو دیکھیں تو وہ 44 ہزار 259 اور اموات 496 تک پہنچ گئی ہیں۔

آزاد کشمیر

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 51 افراد ایسے تھے جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کسی موت کی تصدیق نہیں کی گئی۔

یوں وہاں مجموعی کیسز 10 ہزار 198 اور اموات 297 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقہ گلگت بلتستان ہے اور وہاں مجموعی کیسز 4 ہزار 956 اور اموات 102 ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں نہ کوئی نیا کیس آیا اور نہ ہی کسی فرد کا وائرس سے انتقال ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں