کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈیل اسٹین کمنٹیٹرز پر برہم

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2021
ڈیل اسٹین نے 44 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
ڈیل اسٹین نے 44 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقہ کے مشہور فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کمنٹیٹرز کی 'بے جا تنقید' پر برہم ہوگئے۔

ڈیل اسٹین کو پشاور زلمی کے خلاف پی ایس ایل کے میچ میں وہاب ریاض اور روتھرفورڈ کے بے دردی سے کی گئی بیٹنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دونوں بلے بازوں نے بلند و بالا چھکے مارے تھے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل2021: زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑ دیا، 3 وکٹوں سے کامیاب

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم رواں ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے اسکور کے دفاع میں ناکام رہی تھی اور میچ میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مذکورہ میچ میں صرف ڈیل اسٹین ہی نہیں اختتامی اوورز میں تمام باؤلرز ناکام ہو گئے تھے اور زلمی کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کی تھی۔

میچ کے دوران گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز پر کمنٹیٹرز سمیت دیگر ماہرین اور مداحوں نے تنقید کی تھی۔

اسی دوران گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کے دوران ڈریسنگ روم میں بیٹھے ہوئے ڈیل اسٹین کو اسکرین پر دکھایا گیا تو کمنٹیٹر نے کہا تھا کہ اس طرح کے بالوں سے بحران کا پتا چلتا ہے۔

جس پر ڈیل اسٹین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کمنٹیٹرز کو مخاطب کرکے سوال پوچھا کہ 'کس کمنٹیٹر نے کہا کہ میری زندگی بحران میں گھری ہوئی ہے'۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اگر گیم پر بات کرنا آپ کا کام ہے تو وہی کریں لیکن اگر اس وقت کو آپ کسی کو وزن، صنفی ترجیحات، نسلی پس منظر، لائف اسٹائل وغیرہ یا یہاں تک کہ بالوں کے اسٹائل پر تضحیک کا نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو پھر معذرت کے ساتھ آپ کے لیے بحیثیت انسان میرے پاس کوئی وقت نہیں'۔

ڈیل اسٹین نے کمنٹیٹر کی بات پر ردعمل کے بعد میچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ میچ میں تماشائیوں کے درمیان کھیلنا شان دار تھا اور بہترین کھیل ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہار گئے لیکن اگلے میچوں میں مل کر اس سے باہر نکلنے کے لیے پرامید ہوں اور آپ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ 26 فروری کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جس میں سرفراز نے زبردست بیٹنگ کی تھی جس کی بدولت گلیڈی ایٹرز نے 198 رنز بنائے تھے لیکن ڈیل اسٹین کے آخری اور میچ کے 19 اوور میں پانسہ پلٹ گیا اور زلمی نے اگلے اوور میں باآسانی فتح حاصل کی۔

ڈیل اسٹیل نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 44 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں اور انہیں مذکورہ اوور میں وہاب ریاض نے دو اور روتھرفورڈ نے ایک چھکا رسید کیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اس میچ میں 3 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، گلیڈی ایٹرز تاحال رواں سیزن میں کوئی فتح حاصل نہیں کر پائے۔

پی ایس ایل 2021 میں اب تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 میچ کھیلے اور تینوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر بغیر کسی پوائنٹ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں