پاکستان میں کورونا وائرس مزید 36 افراد کی موت کا سبب

01 مارچ 2021
ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 896 ہوگئی ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 896 ہوگئی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی اگرچہ صورتحال بہتر ہے اور مختلف پابندیاں بھی ہٹا دی گئی ہے تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جلد پابندیاں ہٹانے سے تیسری لہر کا بھی خدشہ ہے۔

اس عالمی وبا کو ملک میں ایک برس کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران کیسز کی تعداد میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تاہم کئی روز سے کیسز کی یومیہ تعداد ایک ہزار سے ایک ہزار 500 کے درمیان ہی ریکارڈ ہورہی ہے جبکہ اموات بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے آغاز کے بعد وفاقی سطح پر ایک نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) قائم کیا گیا تھا جو ملک میں کورونا وائرس کی تمام صورتحال اور اعداد و شمار سے متعلق آگاہ کرتا ہے۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار پر اگر نظر ڈالیں تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 392 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 365 ہوگئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 36 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 12 ہزار 896 تک پہنچ گئی۔

تاہم ملک میں حالات معمول پر آنے کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے اور اس وائرس سے اب تک 94 فیصد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان صحتیاب افراد کی تعداد میں ایک ہزار 94 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 371 ہوگئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں، لاک ڈاؤن جیسی صورتحال پیش آئی تھی۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاتی رہیں اور تعلیمی اداروں کو بھی مجموعی صورتحال کے جائزے کے بعد مرحلہ وار طریقے سے کھولا گیا۔

اگر پاکستان بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کو صوبوں اور علاقوں میں تقسیم کریں تو یکم مارچ کو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 262 افراد کو متاثر کیا جبکہ 7 افراد انتقال بھی کرگئے۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز 2 لاکھ 58 ہزار 266 ہوگئے اور اموات 4 ہزار 350 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ملک میں کیسز کے حساب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب میں یہ وائرس مزید 705 افراد کو متاثر کرنے اور 13 کی زندگیاں لینے کا سبب بنا۔

یوں پنجاب میں مجموعی کیسز ایک لاکھ 72 ہزار 54 اور اموات 5 ہزار 363 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں عالمی وبا کے 262 نئے کیسز اور 7 اموات رپورٹ ہوئیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 72 ہزار 424 اور اموات 2 ہزار 79 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدر بہتر رہی اور وہاں 24 گھنٹوں میں 4 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کسی فرد کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 49 اور اموات 200 ہیں۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 114 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 افراد اس وبا سے انتقال بھی کرگئے۔

جس کے بعد وہاں اگر مجموعی کیسز کو دیکھیں تو وہ 44 ہزار 373 اور اموات 501 تک پہنچ گئی ہیں۔

آزاد کشمیر

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45 افراد ایسے تھے جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 افراد کا انتقال ہوا۔

یوں وہاں مجموعی کیسز 10 ہزار 243 اور اموات 301 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقہ گلگت بلتستان ہے اور وہاں مجموعی کیسز 4 ہزار 956 اور اموات 102 ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں نہ کوئی نیا کیس آیا اور نہ ہی کسی فرد کا وائرس سے انتقال ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں