رئیل می نے اپنا فلیگ شپ فون جی ٹی 5 جی متعارف کرادیا ہے جس کے فیچرز متاثر کن ہیں مگر قیمت اس سے بھی زیادہ حیران کن حد تک کم ہے۔

درحقیقت اس طرح کے فلیگ شپ فیچرز والے سام سنگ کے فونز عموماً ڈیڑھ لاکھ روپے کے ہوتے ہیں مگر رئیل می کا یہ فون لگ بھگ 50 فیصد سستا ہے۔

رئیل جی ٹی 5 جی میں کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر موجود ہے۔

اس فون میں 6.43 انچ کا فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن والا ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 360 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ سپورٹ 5 مختلف سیٹنگز کے ساتھ موجود ہے۔

فون کے اندر 8 سے 12 جی بی ایل پی ڈی ڈی آر 5 ریم اور 128 سے 256 جی یو ایف ایس 3.1 اسٹوریج کے آپشن موجود ہیں تاہم ایس ڈی کارڈ سلاٹ موجود نہیں۔

رئیل می جی ٹی 4500 ایم اے ایچ بیٹری سے لیس ہے جس کے ساتھ 65 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے مگر وائرلیس چارجنگ سپورٹ موجود نہیں۔

فوٹو بشکریہ رئیل می
فوٹو بشکریہ رئیل می

اس کے علاوہ بلیوٹوتھ 5.2 اور وائی فائی 6 ای سپورٹ بھی فون کا حصہ ہے جبکہ ڈولبی ایٹموس ساؤنڈ اور ہیڈفون جیک جیسے فیچرز بھی ڈدیوائس کا حصہ ہیں۔

فون میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے یو آئی 2.0 سے کیا ہے اور گیمنگ کے لیے ہائپر بوسٹ 4.0 پیکج دیا گیا ہے۔

فون میں بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے۔

فون کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے ڈیوائس کا حصہ ہیں۔

فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق چونکہ اس میں فلیگ شپ پراسیسر موجود ہے تو فون میں ای آئی ایس سپورٹ موجود ہے اور آسانی سے 4K ویڈیو 6 فریم فی سیکنڈ پر ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔

یہ فون سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2799 یوآن (لگ بھگ 68 ہزار پاکستانی روپے) میں فروخت کیا جائے گا۔

اسی طرح 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والے ورژن کے لیے 3299 یوآن (80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں