کیا شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی رشتہ دار بننے جارہے ہیں؟

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2021
سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سے ہوگئی ہے— فائل فوٹوز: آئی سی سی/اے ایف پی
سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سے ہوگئی ہے— فائل فوٹوز: آئی سی سی/اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹی اور پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی منگنی کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔

گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سے ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے کے بعد سے کہا جارہا تھا کہ دونوں کی منگنی انجام پاچکی ہے۔

ان افواہوں پر جہاں صارفین کی جانب سے حیرت کا اظہار کیا جارہا تھا جبکہ کچھ کی جانب سے جھوٹا قرار دیا جارہا تھا۔

مزید پڑھیں: شادی کی 20ویں سالگرہ پر شاہد آفریدی کا اہلیہ کے لیے پیغام

سوشل میڈیا پر چہ مگوئیوں کے بعد صحافی احتشام الحق نے ٹوئٹ میں کہا کہ دونوں خاندانوں کی اجازت سے میں شاہیں شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی کی افواہوں سے متعلق وضاحت کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ رشتہ قبول کیا جاچکا ہے، یہ خیال کیا جارہا ہے کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد 2 سال میں باضابطہ طور پر ان کی منگنی کردی جائے گی۔

اس حوالے سے ذرائع نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی کے والد نے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہد آفریدی کے خاندان کی جانب سے بیٹی کا رشتہ قبول کرلیا گیا ہے اور جلد دونوں کی منگنی کی رسم بھی ہوگی۔

دوسری جانب شاہد آفریدی کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی تعلیم ابھی مکمل نہیں ہوئی اس لیے ابھی باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

—فائل فوٹو:ٹوئٹر
—فائل فوٹو:ٹوئٹر

ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد آئندہ 2 برس کے عرصے میں منگنی کا امکان ہے۔

تاہم ابھی تک شاہد آفریدی کی جانب سے بیٹی کی منگنی سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے مقبول کرکٹر شاہد آفریدی نے نادیہ شاہد سے 21 اکتوبر 2000 کو شادی کی تھی۔

شاہد اور نادیہ آفریدی کی 5 بیٹیاں ہیں، ان کے ہاں گزشتہ برس فروری میں ہی پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے عروہ رکھا تھا۔

ان کی پہلی چار بیٹیوں کے نام اقصیٰ، عنشہ، اجوا اور اسمارہ ہیں اور ان میں سے 2 بیٹیوں کی عمر 15 سال سے زائد ہے۔

—فوٹو:شاہد آفریدی ٹوئٹر
—فوٹو:شاہد آفریدی ٹوئٹر

عام طور پر شاہد آفریدی اپنی ذاتی زندگی یا خاندان سے متعلق زیادہ چیزیں سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتے تاہم ان کی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں جب کہ ان کی بیٹیاں بھی ٹی وی کے بعض پروگرامات میں شرکت کرتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کے گھر پانچویں بیٹی کی پیدائش

دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کی عمر 20 برس ہے اور انہوں نے اپریل 2018 میں پاکستان کے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی نے دسمبر 2018 میں قومی ٹیم کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، وہ اپنی متاثر کن باولنگ کی وجہ سے کافی مقبول ہیں۔

حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی نے 100 ٹی 20 وکٹس لینے والے پہلے کم عمر باؤلر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں