• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm

سیاست کو کس کھیل سے تشبیہہ دی جانی چاہیے؟

شائع March 12, 2021
لکھاری مصنف ہیں۔
لکھاری مصنف ہیں۔

معاملہ یہ ہے کہ لاکھوں، کروڑوں پاکستانی پیسے دے کر اپنے منتخب نمائندوں کو سیاست کے نیشنل اسٹیڈیم میں کیھلتے ہوئے دیکھتے ہیں۔

سیاست کو عموماً کرکٹ سے تشبیہہ دی جاتی ہے خاص طور پر اب جبکہ ملک کی سیاسی ٹیم کی کپتانی ایک پروفیشنل کرکٹر کر رہا ہے۔ لیکن یہ تشبیہہ درست نہیں ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پچ پر بہت زیادہ کھلاڑی ہیں، مناسب رویہ سے متعلق ایم سی سی کے قوانین کی کسی کو فکر نہیں ہے اور یہاں رن آؤٹ بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ یہاں سب کو اسکور بنانے کے بجائے اسکور برابر کرنے فکر ہوتی ہے۔

تو کیا یہ کھیل فٹبال کی طرح ہے؟ ایسا بھی نہیں ہے۔ فٹبال میں مہارت، رفتار اور بال پر مکمل کنٹرول کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمارے سیاسی ٹاکرے تو جان بوجھ کر فاؤل کرنے اور خود اپنا ہی گول کرنے پر مشتمل ہوتے ہیں اور پھر ان کی نگرانی ایک ایسا جانب دار ریفری کر رہا ہوتا ہے جس کے ہاتھ میں سیٹی کی طرح کی چھڑی ہوتی ہے۔

یا پھر اس کو باکسنگ سے تشبیہہ دی جاسکتی ہے؟ اگر اسے ایک ایسے کھیل کے طور پر دیکھیں جس میں خون بہتا ہو اور عموماً نتیجہ ناک آؤٹ کی صورت میں نکلتا ہو تو بالکل اسے باکسنگ سے تشبیہہ دی جاسکتی ہے۔ بس فرق اتنا ہے کہ ہمارے سیاسی کھلاڑی کوئینسبری قوانین سے واقف نہیں ہیں۔

مزید پڑھیے: ’گیم پلانر نے اس مرتبہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو سبق سکھا دیا‘

جن افراد کو تاریخ سے دلچسپی ہے وہ اس کھیل کو روم کے کلوسیم میں ہونے والے مقابلوں سے تشبیہہ دیں گے۔ ان مقابلوں میں گلیڈی ایٹرز اس وقت تک لڑتے تھے جب تک انگوٹھے کی ایک حرکت ان کی قسمت کا فیصلہ نہیں کر دیتی تھی۔ اوپر کی جانب اٹھے ہوئے انگوٹھے کا مطلب تھا کہ وہ گلیڈی ایٹر ایک اور لڑائی کے لیے زندہ رہے گا اور انگوٹھے کا نیچے کی جانب رخ ہونے کا مطلب موت ہوتا تھا۔

قومی اسمبلی میں ہونے والا اعتماد کا ووٹ بھی اوپر کی جانب اٹھا ہوا انگوٹھا ہی تھا اور وہ بھی کم از کم 6 مہینے کے لیے۔ یہ کامیابی بہت نقصانات کے بعد ملی ہے اور یہ سرکس میں ایک چھڑی پر بکری کو توازن کے ساتھ کھڑا کرنے کے برابر ہی ہے۔ یوں کہیے کہ یہ ایک غیر یقینی استحکام ہے۔

کئی مبصرین اس بارے میں حیران ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو سینیٹ انتخابات سے ذرا پہلے آرٹیکل 226 میں ترمیم کیوں ضروری لگی، اور وہ بھی اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر؟

ظاہر ہے کہ پی ٹی آئی کو اپنے ہی اراکین پر اعتماد نہیں تھا۔ یہاں تک کہ 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی اپنے اراکین کی وفاداری برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں تھے۔ وہ سب سچے افراد ضرور ہیں لیکن سچے سیاستدان نہیں ہیں۔ ابراہم لنکن کے سیکرٹری برائے جنگ سائمن کیمرون نے کہا تھا کہ ’ایک سچا سیاستدان وہ ہے کہ جب اسے خریدا جائے تو وہ اپنے خریدار کے ساتھ وفادار رہے‘۔

اب عام ووٹر پریشان ہے کہ اگر اوپن بیلیٹ اتنی ہی اچھی چیز ہے تو پھر اس کا اطلاق عام انتخابات پر بھی کیوں نہیں ہوتا۔ اس کا جواب ووٹ کی حرمت میں پوشیدہ ہے لیکن ہمارے عوامی نمائندے اس کا احساس نہیں رکھتے۔ ووٹ ایک امانت ہے۔ یہ ایک حق ہے جو ایک انسان سے دوسرے کو ملتا ہے۔ یہ فٹبال نہیں ہے کہ آپ اسے کسی میدان میں اِدھر سے اُدھر پھینکتے رہیں۔ اس کی حیثیت کاغذ کے ایک ٹکڑے سے کہیں زیادہ ہے۔

مزید پڑھیے: سینیٹ انتخابات کا جھٹکا، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کیا ہوتا رہا؟

1938ء میں برطانوی وزیرِاعظم نوائل چیمبر لین جرمن چانسلر اڈولف ہٹلر کے ساتھ مذاکرات کرکے واپس لوٹے تو انہوں نے اعلان کیا کہ ’میرے ہاتھ میں جو کاغذ کا ٹکڑا ہے اس پر اڈولف ہٹلر کے دستخط موجود ہیں، جس کے مطابق وہ جنگ کا آغاز نہیں کریں گے۔ ہٹلر نے رازداری سے اپنے وزیرِ خارجہ سے کہا کہ اس کو زیادہ سنجیدہ مت لو اس کاغذ کے ٹکڑے کی کوئی اہمیت نہیں ہے‘۔

برطانیہ کی جانب سے 3 ستمبر 1939ء کو جرمنی بھیجے جانے والا اعلانِ جنگ بھی ایک کاغذ کے ٹکڑے پر ہی تحریر تھا اور 8 مئی 1945ء کو جرمنی کی جانب سے دستخط کیا جانے والا ہتھیار ڈالنے کا اعلان بھی کاغذ کے ٹکڑے پر ہی مشتمل تھا، یوں ہٹلر کی بات غلط ثابت ہوئی۔

اگر بیلیٹ باکس کو ردی کی ٹوکری سمجھا جائے تو پھر بیلیٹ پیپر کی حیثیت کاغذ کے ٹکڑے سے بھی کم ہوجاتی ہے۔ تاہم باشعور ووٹر کے ہاتھ میں موجود بیلیٹ پیپر حکومتوں کو گرانے کی طاقت رکھتا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو اس بات کا احساس اس وقت ہوا جب انہوں نے 1977ء میں اپنے ووٹ بینک کو بحال کرنے کی کوشش کی۔

ان کے تابعدار ووٹروں نے ان کو ایک زبردست فتح دلوائی۔ پیپلز پارٹی کے کچھ امیدواروں نے اپنے حلقے کے 95 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ کچھ حلقوں میں تو کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی تعداد اس حلقے کے کل ووٹوں سے بھی زیادہ نکلی۔ یہ الزام بھی لگایا جاتا ہے کہ کچھ اہم حلقوں کے نتائج کا اعلان براہ راست وزیرِاعظم ہاؤس سے کیا گیا۔ ان حالات کی حال ہی میں ہونے والے ڈسکہ کے این اے 75 کے انتخابات سے مماثلت محض اتفاقی ہوگی۔

جولائی 1977ء میں آپریشن فیئر پلے کے تحت جنرل ضیا کی مداخلت سے حالات کو سب کے لیے سازگار ہونا چاہیے تھا تاہم ان کی آمد سے پچ پر ایک تیسرا ریفری آگیا اور اسے سیلیکٹرز کے پینل میں بھی مستقل جگہ مل گئی۔

نومبر 1989ء میں بے نظیر بھٹو اور پھر مارچ 1993ء میں نواز شرف کو اس وقت ایک جھٹکا لگا جب انہیں غیر جمہوری طریقے سے ہٹا دیا گیا۔

کیا پاکستانی عوام اس سیاسی اکھاڑے میں ہونے والی سیاسی کشتی کو تماشائی بنے دیکھتے رہیں گے۔

پاکستانی ووٹر موقع پرست کھلاڑیوں کو ٹیم بدلتے دیکھ کر، امید مندوں کو ہارتا دیکھ کر اور وزرائے اعظم کو گھر جاتا دیکھ کر تنگ آچکے ہیں۔

کوئی ہمت کرکے سوال کرے کہ ’اگر آپ اس ملک کے ساتھ کھیل کر تھک چکے ہوں تو کیا ہمیں ہمارا ملک واپس مل سکتا ہے‘؟


یہ مضمون 11 مارچ 2021ء کو ڈان اخبار میں شائع ہوا۔

ایف ایس اعجازالدین

ایف ایس اعجاز الدین ملکی و بین الاقوامی سیاست پر بہت عمدہ لکھتے ہیں،آپ عرصہ دراز سے ڈان سے وابستہ ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 دسمبر 2024
کارٹون : 7 دسمبر 2024