’پیارے پاکستانیو!‘ غلامانہ ذہنیت سے باہر نکلو، اشنیٰ شاہ کی اپیل

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2021
اشنیٰ شاہ اپنے بولڈ بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اشنیٰ شاہ اپنے بولڈ بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ اشنیٰ شاہ اپنے ’بولڈ‘ بیانات کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں لیکن اس بار وہ اپنی ایک ایسی سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے زیر بحث ہیں، جس کے ذریعے انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے۔

اداکارہ اشنیٰ شاہ نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں امریکی یوتیوبر و بیوٹی ولاگر نیما ٹینگ (Nyma Tang) کی دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کو غلامانہ ذہنیت سے آزاد ہونے کی اپیل کی۔

اداکارہ نے سیاہ فام امریکی بیوٹی ولاگر کی دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے جہاں نیما ٹینگ کی خوبصورتی کو سراہا، وہیں انہوں نے پاکستانیوں کو پیغام دیا کہ خوبصورتی کا مطلب گوری رنگت نہیں ہوتا۔

اداکارہ نے امریکی بیوٹی ولاگر کی تصاویر شیئر کیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے امریکی بیوٹی ولاگر کی تصاویر شیئر کیں—اسکرین شاٹ

اشنیٰ شاہ نے اپنی اسٹوری میں نیما ٹینگ کی دو تصاویر شیئر کرتے ہوئے انگریزی میں مختصر جملے میں پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ غلامانہ ذہنیت سے باہر نکلیں ورنہ وہ خوبصورتی دیکھنے سے محروم رہ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزن کا طعنہ دینے والے افراد کو اشنیٰ شاہ کا کرارا جواب

اشنیٰ شاہ نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’پیارے پاکستانیو! مہربانی کرکے اب غلامانہ ذہنیت سے باہر نکلیں، ورنہ آپ حقیقی خوبصورتی دیکھنے سے محروم رہ جائیں گے‘۔

انہوں نے سیاہ فام ولاگر کی تصاویر اور مختصر جملہ لکھتے ہوئے لوگوں کو پیغام دیا کہ وہ امریکی یوٹیوبر کی خوبصورتی پر صرف ’واہ‘ ہی کہہ سکتی ہیں۔

اشنیٰ شاہ کی جانب سے سیاہ فام ولاگر کی تصاویر شیئر کیے جانے اور لوگوں کو حقیقی خوبصورتی کا درس دیے جانے پر ان کی تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ’بوائے فرینڈ‘ کو اتنی اہمیت نہ دیں کہ آپ کی اہمیت کم ہوجائے، اشنیٰ شاہ

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اشنیٰ شاہ نے سیاہ فام یا گہری رنگت سے متعلق کوئی پوسٹ کی ہو، اس سے قبل بھی وہ گہری، گندمی، سانولی یا سیاہ فام رنگت کی وجہ سے خواتین کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے سے متعلق پوسٹس کرتی رہی ہیں۔

ماضی میں اشنیٰ شاہ بتا چکی ہیں کہ انہیں بھی سانولی یا گہری رنگت کے باعث طعنے دیے جاتے رہے ہیں جب کہ ان کی جسمانی ساخت یعنی وزن بڑھ جانے پر بھی ان کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے جاتے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں