جڑواں شہروں میں ایک اور پولیس اہلکار کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

12 مارچ 2021
پانچ روز کے دوران جڑواں شہروں میں یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی
پانچ روز کے دوران جڑواں شہروں میں یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی

راولپنڈی: ریلوے کیریج فیکٹری کے قریب چوکی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ٹریفک وارڈن کو قتل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقتول شخص کی شناخت سب انسپکٹر محمد نوید کے نام سے ہوئی ہے۔

پچھلے پانچ روز کے دوران جڑواں شہروں میں یہ تیسرا واقعہ ہے کیونکہ اس سے قبل پولیس کے دو دیگر عہدیداروں کو بھی اسی طرح نشانہ بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق

پہلا واقعہ اتوار کے روز اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) انسپکٹر میاں عمران عباس کو راولپنڈی کے سٹی پولیس افسر (سی پی او) کی سرکاری رہائش گاہ کے قریب ایک ٹارگٹ حملے میں شہید کیا گیا تھا۔

چند گھنٹوں کے بعد ہی جی 13 اسلام آباد میں ہیڈ کانسٹیبل محمد قاسم کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا اور دو دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

چیف ٹریفک آفیسر مظہر اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ گولی لگنے کے بعد 38 سالہ نوید کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔

ابتدائی پولیس رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ اسے ایک گولی لگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: شہید ہیڈ کانسٹیبل کی تدفین، نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

سی ٹی او نے بتایا کہ پولیس نے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ چوکی شہر میں بھاری ٹریفک کے داخلے کی نگرانی کے لیے قائم کی گئی تھی۔

ایک ٹرک ڈرائیور نے پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا جس کے بعد پولیس کی ٹیم کے ساتھ امدادی اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا۔

دریں اثنا جمعرات کی رات کہوٹہ میں شادی کی تقریب میں جشن کی فائرنگ کے دوران دلہا کے والد کا انتقال ہوگیا جبکہ ایک خاتون اور نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا۔

مقتول کی شناخت محمد عنایت کے نام سے ہوئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں