صبور اور ماورا کو وزن بڑھانے کے مشورے پر تنقید، ایمن خان کا ردعمل سامنے آگیا

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2021
ایمن خان کو اپنے بیان پر تنقید کا سامنا ہے—فائل فوٹو:انسٹاگرام
ایمن خان کو اپنے بیان پر تنقید کا سامنا ہے—فائل فوٹو:انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ ایمن خان کو حال ہی میں ساتھی اداکاراؤں، ماورا حسین اور صبور علی کو وزن بڑھانے کا مشورہ دینے پر لوگوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایمن خان گزشتہ دنوں اپنے شوہر اداکار منیب بٹ کے ساتھ نجی ٹی وی کے ’دی کپل شو‘ میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے میزبان آغا علی اور حنا الطاف سے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کی تھیں۔

اسی پروگرام کے سیگمنٹ میں ایمن خان اور منیب بٹ کو کچھ شوبز شخصیات کی تصاویر دکھائی گئیں اور انہیں بولا گیا کہ وہ مذکورہ شخصیات کی ایک اچھی اور ایک بری بات بتائیں یا پھر انہیں کوئی مشورہ دیں۔

مزید پڑھیں: ماورا اور صبور علی کو وزن بڑھانے کا مشورہ دینے پر ایمن خان پر تنقید

اسی سیگمنٹ میں منیب بٹ نے اداکارہ صبور علی کو مشورہ دیا کہ اب انہیں شادی کرلینی چاہیے مگر ایمن خان نے شوہر کے برعکس اداکارہ کو وزن کم کرنے کا مشورہ دیا۔

ایمن خان کا کہنا تھا کہ صبور علی اتنی پتلی ہیں کہ ان جیسی تین خواتین ہوں تو وہ ایمن خان بنیں گی، اس لیے وہ اداکارہ کو مشورہ دے رہی ہیں کہ وہ تھوڑی سی ‘موٹی‘ ہو جائیں۔

اسی سیگمنٹ میں ایمن خان نے اداکارہ ماورا حسین کو بھی بہت ہی پتلی خاتون قرار دیا اور انہیں بھی مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی تھوڑا سا وزن بڑھا لیں۔

تاہم ایمن خان کی جانب سے دونوں اداکاراؤں کو پتلا قرار دیے جانے اور انہیں وزن بڑھانے کا مشورہ دیے جانے پر لوگوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ان کے کمنٹس کو ’جسامت پر مذاق اڑانا‘ قرار تھا۔

اب لوگوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ ایمن خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ 'مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ کیوں چیزوں کو ذاتی طور پر لیتے ہیں اور منفی سوچ پھیلاتے ہیں'۔

—فائل فوٹوز:انسٹاگرام/فیس بک
—فائل فوٹوز:انسٹاگرام/فیس بک

انہوں نے لکھا کہ 'میری زندگی آپ کی ملکیت نہیں ہے، جب میں آپ کو کچھ نہیں کہہ سکتی تو آپ کو مجھے کچھ کہنے کا کوئی حق نہیں ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ایمن خان نے شادی پر 70 کروڑ روپے خرچ کرنے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

ایمن خان نے مزید لکھا کہ 'میری تعلیم، میرا لب و لہجہ آپ کا مسئلہ نہیں ہے، کیا میری ڈگری سے آپ کو نوکری ملے گی؟ نہیں نا؟'

اداکارہ نے مزید لکھا کہ میرے کاموں میں مداخلت نہ کریں شکریہ، زندگی کو آسان بنائیں۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

انہوں نے مزید لکھا کہ گیمز، گیمز ہوتے ہیں اور شوز، شوز ہوتے ہیں، کچھ بھی ذاتی نہیں ہوتا، میرا خیال ہے کہ بلاگرز کو ہر چیز بریک نہیں کرنی چاہیے۔

ایمن خان نے کہا کہ ہم پہلے ہی بہت تکلیف میں مبتلا ہیں لہذا اپنے احمقانہ تبصروں سے ہماری زندگی کو مشکل بنانا بند کریں۔

اداکارہ نے لکھا کہ بلاوجہ ایشوز نہ بنائیں، اس سب کو، اس نفرت کو روکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں