دوسرا ٹیسٹ، افغانستان نے زمبابوے کو شکست دے دی، سیریز برابر

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2021
حشمت اللہ شاہدی نے افغانستان کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری بنائی—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
حشمت اللہ شاہدی نے افغانستان کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری بنائی—فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

افغانستان نے حشمت اللہ شاہدی کی شان دار بیٹنگ اور راشد خان کی بہترین باؤلنگ کی بدولت زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں افغانستان کے 545 رنز کے جواب 287 رنز بنا کر فالوآن کا شکار ہوئی تاہم دوسری اننگز میں بہتر بلے بازی کی۔

مزید پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ: افغانستان کی زمبابوے کے خلاف پوزیشن مستحکم

زمبابوے نے دوسری اننگز میں کپتان سین ولیمز کی آؤٹ ہوئے بغیر 151 رنز کی اننگز کی بدولت 365 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں ڈونلڈ ٹریپانو 95 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے مایہ ناز اسپنر راشد خان نے 63 اوورز کیے اور 137 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کو جیت کے لیے آسان ہدف کا راستہ ہموار کیا۔

زمبابوے نے دوسری اننگز میں افغانستان کو جیت کے لیے 108 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم مزاربانی نے جاوید احمدی کو شروع میں ہی آؤٹ کر کے مشکلات ضرور کھڑی کیں۔

ابراہیم زدران اور رحمت شاہ نے دوسری اننگز میں اسکور 89 رنز تک پہنچایا تو زدران کو برل نے آؤٹ کیا، انہوں نے 29 رنز بنائے تھے۔

افغانستان کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز شاہداللہ تھے جو 91 کے مجموعے پر بغیرکوئی رن بنائے مزاربانی کی وکٹ بن گئے۔

رحمت شاہ نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا تاہم وہ فتح سے قبل برل کی گیند پر اپنی وکٹیں نہ بچا سکے۔

پہلی اننگز کے ہیرو حشمت اللہ شاہدی نے پانچویں وکٹ پر ناصر جمال کے ساتھ مل کر 108 رنگ کا ہدف حاصل کیا اور میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

حشمت اللہ شاہدی 6 اور ناصر جمال 4 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پہلی اننگز میں بہترین اننگز کھیلنے پر حشمت اللہ شاہدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

زمبابوے کے کپتان سین ولیمز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں افغانستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 545 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی، جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 287 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی اور فالوآن کا شکار ہوئی تھی۔

زمبابوے نے دوسری اننز میں 365 رنز بنا کر افغانستان کو جیت کے لیے 108 رنز کا ہدف دیا تھا۔

خیال رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے افغانستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 مارچ کو ابوظہبی میں ہی شروع ہوگی، دوسرا میچ 19 اور آخری ٹی ٹوئنٹی 20 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں