کویت سے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں، وزیر خارجہ

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2021
پاکستان اور کویت کے وفد کے درمیان وزارت خارجہ میں ہوئی ملاقات کا ایک منظر— فوٹو: اے پی پی
پاکستان اور کویت کے وفد کے درمیان وزارت خارجہ میں ہوئی ملاقات کا ایک منظر— فوٹو: اے پی پی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، کویت کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ میں وفد کے ہمراہ ان کے کویتی ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح نے ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان، کویت کے مابین زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کویتی ہم منصب اور ان کے وفد کو وزارت خارجہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہا اور دوبارہ وزیر خارجہ کے منصب پر تقرری پر شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، کویت کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات خصوصی اہمیت دیتا ہے، ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوری میں کویت کے نائب وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے، ان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور کویت کے مابین پانچویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے جلد انعقاد کے خواہشمند ہیں اور پاکستان، کویت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے، ہم بیرونی سرمایہ کاروں کو کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کاروبار میں سہولت فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 10 سال سے معطل کویت کے ویزے جلد بحال ہوجائیں گے، وزیر داخلہ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کویتی کاروباری کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہیں گے اور پاکستان اور کویت کے مابین توانائی، صحت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ کویت اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے 15 مارچ کو 'اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن' کے طور پر منانے کی تجویز کو آگے بڑھانے میں معاونت کرے گا۔

وزیر خارجہ نے کویتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کے 80 لاکھ نہتے مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے اور بھارت کے یہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

مزید پڑھیں: پارلیمنٹ سے تناؤ: کویت کی کابینہ نے استعفیٰ پیش کردیا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں شہریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے کویت سمیت عالمی برادری سے مثبت کردار کا متقاضی ہے۔

وزیر خارجہ نے نائجر میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی حمایت پر کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا چلا آرہا ہے جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے اور پاکستان، افغانستان سمیت پورے خطے میں امن و امان کے لیے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلمان ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے کویت کی کوششوں کا حامی ہے۔

کویتی وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کویت، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا متمنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کویت: ایک لاکھ 27 ہزار غیرملکی اقامہ سے محروم

انہوں نے کہا کہ کویت کی تعمیر و ترقی میں وہاں مقیم پاکستانی برادری کا کردار قابل تحسین ہے اور اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ کویتی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور اپنے دورے کے دوران وہ پاکستانی قیادت اور دیگر سینیئر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں