اداکار آرمی ہیمر پر 4 گھنٹے تک خاتون پر تشدد و ’ریپ‘ کا الزام

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2021
اداکار نے خاتون کے الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو: اے پی/ اسکرین شاٹ
اداکار نے خاتون کے الزامات کو مسترد کردیا—فائل فوٹو: اے پی/ اسکرین شاٹ

’کال می بائے یوئر نیم اور آن دی بیسز آف سیکس‘ جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والے ہولی وڈ اداکار 34 سالہ آرمی ہیمر پر خاتون کی جانب سے 4 گھنٹے تک تشدد و ’ریپ‘ کرنے کے الزامات کے بعد ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق لاس اینجلس پولیس نے تصدیق کی کہ گزشتہ ماہ فروری میں ایک خاتون کی رپورٹ کے بعد آرمی ہیمر کے خلاف جنسی استحصال کی تفتیش کا آغاز کردیا۔

پولیس نے آرمی ہیمر پر لگائے گئے الزامات اور خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ اداکار کے خلاف ’ریپ‘ اور جنسی استحصال کے الزامات کی تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

اے پی کے مطابق پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کیے جانے پر اداکار آرمی ہیمر کے وکلا نے ان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا۔

اداکار کے وکلا کے مطابق آرمی ہیمر نے اب تک جتنی خواتین سے جو تعلقات استوار کیے یا جن کے ساتھ انہوں نے جنسی روابط رکھے، وہ خواتین کی باہمی رضامندی کے ساتھ ہی رکھے۔

اداکار کے وکیل نے پریس کانفرنس کے دوران آرمی ہیمر اور ان پر الزام لگانے والی خاتون کے پیغامات کے اسکرین شاٹ بھی دکھائے اور دعویٰ کیا کہ دونوں کے درمیان باہمی رضامندی سے تعلقات قائم ہوئے تھے۔

آرمی ہیمر کے وکیل نے خاتون کی جانب سے اداکار کے ساتھ پیغامات کے ذریعے کی گئی گفتگو کے اسکرین شاٹ بھی پیش کیے، جن میں خاتون نے اداکار سے ’پرتشدد جنسی تعلقات‘ استوار کرنے کا مطالبہ کرتی دکھائی دیں مگر اداکار نے رضامندی ظاہر نہیں کی۔

جس خاتون نے اداکار پر الزامات لگائے، انہیں چند سال قبل اداکار کے انتہائی قریب دیکھا جاتا تھا—فائل فوٹو: پیج سکس
جس خاتون نے اداکار پر الزامات لگائے، انہیں چند سال قبل اداکار کے انتہائی قریب دیکھا جاتا تھا—فائل فوٹو: پیج سکس

دوسری جانب اداکار پر الزام لگانے والی خاتون ایفی کی وکیل نے بتایا کہ انہوں نے تمام مطلوبہ شواہد لاس اینجلس پولیس کو فراہم کردیے۔

خاتون کی وکیل کے مطابق پولیس کو اس وقت ایفی کے جسم پر تشدد کی تصاویر بھی فراہم کی گئی ہیں جب کہ دیگر شواہد بھی پولیس کو فراہم کردیے گئے۔

اے پی کے مطابق پولیس کی جانب سے اداکار کے خلاف تحقیقات شروع کرنے سے قبل ایفی نامی خاتون نے الزامات کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیل بتائی تھی۔

پیج سکس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں خاتون ایفی کو اپنے ساتھ ہونے والے استحصال کی داستان سنانے کے دوران اشکبار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

خاتون نے اشکبار ہوتے ہوئے بتایا کہ آرمی ہیمر نے انہیں 2017 میں 4 گھنٹے تک بدترین جنسی تشدد، استحصال اور ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

خاتون کے مطابق اس وقت ان کی عمر 20 برس تھی اور ان کی ایک سال قبل ہی آرمی ہیمر کے ساتھ فیس بک پر دوستی ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں