این اے 249 ضمنی انتخاب: مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی سے مدد مانگ لی

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2021
لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں اس معاملے کو اٹھایا - فوٹو بشکریہ پیپلز پارٹی میڈیا سیل
لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں اس معاملے کو اٹھایا - فوٹو بشکریہ پیپلز پارٹی میڈیا سیل

کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں حالیہ دراڑ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے اُمیدوار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کے لیے کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حمایت طلب کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ تجویز مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے اس وقت سامنے آئی جب سابق وزیر اعظم اور پارٹی کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں اس معاملے کو اٹھایا جہاں دونوں جماعتوں کے دیگر رہنما موجود تھے۔

اجلاس کے بعد بلاول ہاؤس سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم اجتماعی استعفوں کے بعد حکمت عملی بتانے میں ناکام رہی، پیپلز پارٹی

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے فیصل واڈا نے اپنی سینیٹ نشست کے لیے اسمبلی سے استعفی دیا تھا جس کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔

2018 کے عام انتخابات میں فیصل واڈا نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو انتہائی کم فرق سے اس نشست پر شکست دی تھی۔

پی ڈی ایم کے اندر اختلافات کی حالیہ اطلاعات کے بعد دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماؤں کے درمیان تازہ رابطہ پہلی پیشرفت کے طور پر ہوا۔

10 جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد کی صفوں میں دراڑیں اس وقت سامنے آئیں جب اس کی قیادت نے استعفوں کے معاملے پر اختلافات کے باعث 26 مارچ کو حکومت مخالف لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا'۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا مستقبل اب کیا ہوگا؟

ملاقات کے دوران شاہد خاقان عباسی نے این اے 249 کے انتخاب میں اپنی پارٹی کے امیدوار کی حمایت طلب کی تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے انہیں آگاہ کیا کہ پارٹی قیادت سے مشورہ کرنے کے بعد وہ اس تجویز پر عمل کریں گے۔

اجلاس میں سینیٹر شیری رحمن، پیپلز پارٹی کے نوید قمر اور مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسمٰعیل نے بھی شرکت کی تھی۔

پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت طلب کرلی

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک وفد نے ایم پی اے خرم شیر زمان کی سربراہی میں بہادر آباد میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے عارضی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں اپنے اُمیدوار امجد آفریدی کی حمایت طلب کی۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما کنور نوید جمیل نے کہا کہ رابطہ کمیٹی تحریک انصاف کی درخواست پر غور کرے گی۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم اجلاس میں پیپلز پارٹی کا رویہ غیر جمہوری تھا، مولانا فضل الرحمٰن

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحریک انصاف کی قیادت کو رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

دریں اثنا شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے پی ٹی آئی رہنما حاجی مظفر شجرہ سے ملاقات کی اور انہیں پارٹی میں شمولیت کے لیے کہا۔

تحریک انصاف سے قبل پیپلز پارٹی میں رہنے والے اور سندھ میں صوبائی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے حاجی مظفر شجرہ کی طرف سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں