بلی آئلش کی تصویر نے 6 منٹ میں ریکارڈ بنا ڈالا

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2021
گلوکارہ اپنے بالوں کا رنگ پہلے بھی تبدیل کرتی رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ اپنے بالوں کا رنگ پہلے بھی تبدیل کرتی رہی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

امریکی پاپ گلوکارہ 19 سالہ بلی آئلش نے اگرچہ انتہائی کم عمری میں ہی سیلینا گومز اور جسٹن بیبر کی طرح شہرت حاصل کی تھی تاہم اب انہوں نے مزید ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

بلی آئلش نے 2015 میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 2019 میں 18 برس کی عمر میں شہرہ آفاق فلم ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کے لیے گانا گاکر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

وہ پہلی گلوکارہ بنی تھیں، جنہوں نے محض 18 برس کی عمر میں جیمز بانڈ کے لیے گانا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کم عمری میں ایک کے بعد ایک ریکارڈ بنانے والی گلوکارہ بلی آئلش

اسی طرح وہ 18 برس کی عمر سے قبل ہی معروف میوزیکل ایوارڈ ’گریمی‘ کے لیے نامزد ہونے والی گلوکارہ بھی بنی تھیں جب کہ 2019 میں وہ 18 برس کی عمر میں بیک وقت 5 ’گریمی‘ ایوارڈز جیتنے والی بھی پہلی گلوکارہ بنی تھیں۔

اور اب گلوکارہ کی ایک تصویر نے انسٹاگرام پر نیا ریکارڈ بناکر کئی تصاویر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بلی آئلش کے بالوں کے رنگ کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
بلی آئلش کے بالوں کے رنگ کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

حیران کن بات یہ ہے کہ اداکارہ کی ریکارڈ بنانے والی تصویر نہ تو بولڈ ہے اور نہ ہی کوئی انوکھی تصویر ہے بلکہ مذکورہ تصویر گلوکارہ کی جانب سے بالوں کی رنگت تبدیل کیے جانے کی اطلاع دینے کی تصویر ہے۔

بلی آئلش نے کافی عرصے بعد اپنے بالوں کی رنگت تبدیل کرنے کے بعد انسٹاگرام پر 19 مارچ کو تصویر شیئر کی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ریکارڈ بنا لیا۔

بلی آئلش نے اپنے بالوں کا رنگ سیاہ اور ہرے سے تبدیل کرکے بھورے رنگ میں بدلا اور اس کی ایک سادہ تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی تصویر بن گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق بلی آئلش کی مذکورہ تصویر کو محض 6 منٹ میں 10 لاکھ افراد نے لائیک کیا۔

بلی آئلش کی مذکورہ تصویر نے محض 6 منٹ کے اندر امریکی پاپ گلوکارہ سیلینا گومز کی جانب سے 2018 میں اپنی سالگرہ پر شیئر کی گئی تصویر کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

یہی نہیں محض تین دن میں بلی آئلش کی مذکورہ تصویر کو 2 کروڑ مرتبہ سے زائد بار لائیک کیا گیا اور مذکورہ تصویر نے انسٹاگرام پر اب تک سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی 10 تصاویر میں بھی جگہ بنالی۔

مزید پڑھیں: بلی آئلش ایک ساتھ 5 گریمی ایوارڈز جیتنے والی پہلی گلوکارہ

بلی آئلش کی مذکورہ تصویر انسٹاگرام پر سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی 10 تصاویر میں 21 مارچ کی صبح تک چوتھے نمبر تک پہنچ گئی تھی۔

بلی آئلش کی تصویر سے آگے فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے ستمبر 2020 میں آنجھانی فٹ میراڈونا کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر ہے۔

دوسرے نمبر پر امریکی ریپر (XXXTentacion) کی 2018 کی تصویر ہے، جسے انہوں نے مرنے سے قبل انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا اور ان کے انسٹاگرام پر شیئر ہونے والی وہ واحد تصویر ہے۔

انسٹاگرام پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصویر انڈے کی ہے، جسے جنوری 2019 کو شیئر کیا گیا تھا اور اسے اب تک 5 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں