یوم پاکستان پریڈ 23 مارچ کے بجائے 25 مارچ کو ہوگی

اپ ڈیٹ 22 مارچ 2021
یوم پاکستان پریڈ 23 مارچ کو شیڈول تھی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
یوم پاکستان پریڈ 23 مارچ کو شیڈول تھی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

یوم پاکستان کے موقع پر شیڈول پریڈ موسم کی خرابی کے باعث 25 مارچ تک مؤخر کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'موسم کی خرابی اور اگلے دو روز تک بارش کی پیش گوئی کے باعث یوم پاکستان پریڈ ری شیڈول کر دی گئی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان: ناقابل تسخیر دفاع کی جھلکیاں

بیان میں کہا گیا کہ 'جوائنٹ سروس پاکستان ڈے پریڈ اب 25 مارچ 2021 کو پروگرام کے مطابق ہوگی اور اوقات پہلے ہی واضح کیے گئے ہیں'۔

خیال رہے کہ تحریک پاکستان کے دوران 23 مارچ 1940 وہ دن تھا جب مولوی فضل الحق نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک آزاد وطن پاکستان کے لیے قرارداد پیش کی اور اسی مناسبت سے ہم بحیثیت قوم ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر مناتے ہیں۔

پاکستان کی مسلح افواج قرار داد پاکستان کی مناسبت سے پریڈ اور دفاعی طاقت کی نمائش کرتی ہے جس کو یوم پاکستان پریڈ کہا جاتا ہے۔

یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریب میں بری، فضائی اور بحری افواج کی جانب سے اپنی مہارت کا شان دار مظاہرہ کیا جاتا ہے اور پاکستان کے دفاعی ساز و سامان کی بھی نمائش کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس کورونا وائرس کے باعث یوم پاکستان کی پریڈ منسوخ کردی گئی تھی جبکہ 2019 میں قومی جذبے کے ساتھ پریڈ ہوئی تھی۔

یوم پاکستان پریڈ 2019 میں پاکستان کے ساتھ ساتھ دوست ممالک چین، سعودی عرب، سری لنکا، بحرین، برونائی اور آذربائیجان کے فوجی دستوں نے شرکت کی جبکہ چین اور ترکی کے فضائی دستے بھی شریک ہوئے تھے۔

اس پریڈ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمان خصوصی جبکہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کی تھی، تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، اس وقت کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں