جوبائیڈن کے لڑکھڑانے پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تبصرہ

اپ ڈیٹ 22 مارچ 2021
جوبائیڈن تین بار لڑکھڑائے تھے—اسکرین شاٹ
جوبائیڈن تین بار لڑکھڑائے تھے—اسکرین شاٹ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے موجودہ صدر جوبائیڈن کے طیارے پر چڑھنے کے دوران دو سے تین بار سیڑھیوں پر لڑکھڑانے اور پھر تقریبا گرجانے پر ان کا مذاق اڑایا ہے۔

امریکی صدر 78 سالہ جوبائیڈن 20 مارچ کو واشنگٹن ڈی سی سے اٹلانٹا کے لیے ایئرفورس کے طیارے پر سوار ہونے کے دوران لڑکھڑائے تھے۔

جوبائیڈن کے لڑکھڑانے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہیں طیارے کی سیڑھیوں پر چڑھنے کے دوران کم از کم تین بار لڑکھڑاتے ہوئے اور ایک بار تقریبا گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جوبائیڈن کے لڑکھڑانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر کئی افراد نے ان کا مذاق بھی اڑایا تھا اور ان کی صحت سے متعلق بھی چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔

جوبائیڈن کی صحت پر چہ مگوئیوں کے بعد وائیٹ ہاؤس نے واضح کیا تھا کہ ان کی صحت ٹھیک ہے۔

جوبائیڈن کے طیارے کی سیڑھیوں پر لڑکھڑانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ان کا مذاق اڑاتے ہوئے ان کے لیے کہا کہ وہ ان سے انتخابات میں نہیں ہارے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے نے بھی جوبائیڈن کا مذاق اڑانے سمیت ان کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کیے—اسکرین شاٹ
ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے نے بھی جوبائیڈن کا مذاق اڑانے سمیت ان کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کیے—اسکرین شاٹ

برطانوی اخبار ’دی ایکسپریس‘ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پام بیچ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر جوبائیڈن کی سیڑھیوں پر گرنے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد ان کا مذاق اڑایا۔

رپورٹ میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کلپس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جہاں ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کا مذاق اڑایا، وہیں انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ دہرایا کہ انہوں نے 2020 کے انتخابات میں جوبائیڈن سے شکست نہیں کھائی تھی۔

علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے نے بھی جوبائیڈن کے لڑکھڑانے پر ان کا مذاق اڑایا۔

یاد رہے کہ جوبائیڈن وہ پہلے امریکی صدر نہیں ہیں جو سیڑھیوں پر لڑکھڑائے، ان سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ بھی متعدد بار لڑکھڑانے یا گرنے کے خوف سے سیڑھیوں پر آہستہ چلتے دکھائی دیے تھے۔

ان سے قبل سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی سیڑھیوں پر لڑکھڑا گئے تھے جب کہ ماضی میں بھی متعدد صدور و نائب صدور بھی سیڑھیوں پر لڑکھڑا گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں