مصر میں دو ٹرینیں ٹکرا گئیں، 32 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2021
حکام کے مطابق حادثہ ایمرجنسی بریک کے استعمال کی وجہ سے پیش آیا — فوٹو: اے ایف پی
حکام کے مطابق حادثہ ایمرجنسی بریک کے استعمال کی وجہ سے پیش آیا — فوٹو: اے ایف پی

مصر کے شہر سوہاج میں دو ٹرینیں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو پیش آنے والے واقعے میں ٹرینوں کی بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں جبکہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر مذکورہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد مسافروں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ متعدد کا خون بہہ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: مصر میں ٹرین حادثہ، 20 افراد ہلاک

مصر کی وزارت صحت کے جاری بیان کے مطابق واقعے میں 32 افراد جاں بحق اور 66 زخمی ہوگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 50 افراد کو قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ نامعلوم فرد کی جانب سے ایمرجنسی بریک استعمال کیے جانے کے بعد ٹرینیں ٹکرا گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی بریک کی وجہ سے ایک ٹرین رک گئی جبکہ دوسری ٹرین، جو اس کے پیچھے آرہی تھی، اس سے ٹکرا گئی، حکام کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ٹرین حادثہ، 100 سے زائد افراد ہلاک

رپورٹ میں خبر ایجنسی 'رائٹرز' کے حوالے سے بتایا گیا کہ نامعلوم سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ٹرینوں کی رفتار کم تھی جس کی وجہ سے صرف دو بوگیوں کو نقصان پہنچا۔

بعد ازاں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ‘واقعے کے ذمہ داران، چاہے وہ غفلت یا بدعنوانی کے مرتکب ہوئے ہوں یا ایسی ہی کسی اور چیز کے ذمہ دار ہوں، انہیں فوری سزا دی جائے گی'۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ملک کے وزیر اعظم مصطفیٰ مادبولی کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر صحت کے ساتھ جائے حادثہ کا دورہ کریں۔

واضح رہے کہ مصر میں دنیا کا سب سے پرانا اور بڑا ریلوے نظام موجود ہے جہاں اس قسم کے حادثات معمول ہیں۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں 2017 میں ایک ہزار 793 ریلوے حادثات ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: امریکا میں ٹرین حادثہ،3 ہلاک،100 سے زائد زخمی

اس سے قبل رواں سال بحر روم کی بندرگاہ کے حامل شہر اسکندریہ میں دو مسافر ٹرینیں ٹکرا گئی تھیں جس میں 43 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

2016 میں قاہرہ میں دو ٹرینیں ٹکرانے سے 51 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ مصر کی تاریخ میں 2002 کا حادثہ سب سے خطرناک تھا، جس میں چلتی ٹرین میں آتشزدگی کے باعث 300 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں