گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 100 مریض دم توڑ گئے

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2021
ملک میں اب تک صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 278 ہو گئی ہے—تصویر: اے پی
ملک میں اب تک صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 278 ہو گئی ہے—تصویر: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ شدو مد سے جاری ہے جبکہ وعدے کے مطابق اب تک بین الاقوامی اتحاد کی جانب سے ویکسین بھی نہیں مل سکی، جس پر وفاقی حکومت نے صوبوں کو ویکسین کی خریداری کا مشورہ دیا ہے۔

کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 84 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 100 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 29 مارچ کو مجموعی طور پر 46 ہزار 269 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8.8 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 48 ہزار 566 تک جا پہنچے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 63 ہزار200 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی 14 ہزار 356 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 81 مریض صحتیاب ہوئے اور اب تک صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 278 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

دریں اثنا ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج 30 مارچ کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 467 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 73 اموات ہوئیں۔

پنجاب میں اب تک مجموعی کیسز 2 لاکھ 17 ہزار 694 ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 6 ہزار 319 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں ابھی تک صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 269 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 158 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید4 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 495 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں513 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 18 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 86 ہزار 44 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 319 اموات ہوئیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

صوبے میں مزید ایک مریض دم توڑ گیا یوں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 535 کیسز جبکہ 207 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 754 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید2 مریض انتقال کر گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک 57 ہزار 204 افراد وائرس کا شکار بنے اور 563 انتقال کر گئے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 65 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں اب تک 12 ہزار 549 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 350 افراد وفات پاچکے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 16 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں