ملک میں مزید 5 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر، 81 اموات رپورٹ

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2021
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 367 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو:
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 367 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو:

ملک میں کورونا وائرس میں اضافے کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے وفاق اور صوبوں نے مزید پابندیاں عائد کرنے سے متعلق متعدد فیصلے کیے ہیں جن میں سندھ کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لیے 8ویں جماعت تک کا تدریسی عمل معطل کرنے اور وفاق کی جانب سے ہفتے میں دو روز بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 5 ہزار 20 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 81 مریض انتقال کر گئے جبکہ کورونا وائرس کے ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 60 ہزار 72 ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس سے 6 لاکھ 87 ہزار 908 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 14 ہزار 778 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 367 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 13 ہزار 58 ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں۔

پاکستان میں آج 4 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 2 ہزار 717 افراد اس وائرس کا شکار بنے اور 49 انتقال کر گئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 31 ہزار 76 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 572 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں وبائی صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 205 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 378 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 509 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں گزشتہ روز ایک ہزار 177 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 23 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 91 ہزار 439 ہے جبکہ 2 ہزار 440 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 55 تک جا پہنچی ہے اور 2 مریض دم توڑ گئے ہیں۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 734 کیسز اور 211 اموات سامنے آئی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 714 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 5 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 60 ہزار 911 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 574 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 145 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک مریض کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 13 ہزار 321 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سے 364 انتقال کر گئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 7 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 52 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں