ووٹ چور، جعلی وزیر اعظم سے درخواست کرنے کا سوچنا بھی گناہ ہے، مریم نواز

05 اپريل 2021
مریم نواز نے حکومت پر تنقید کی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے حکومت پر تنقید کی—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وفاقی وزیرداخلہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں کہیں نہیں جارہی بلکہ جعلی اور ووٹ چور وزیر اعظم سے کسی قسم کی درخواست کرنے کا سوچنا بھی گناہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ 'ان سے کہا کس نے ہے نام نکالنے کو'۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی، مسلم لیگ کی سیاست میں تبدیلی سے عمران خان کو فائدہ ہوگا، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ 'اگر یہ مجھے زبردستی باہر بھجوانے کے لیے ڈراما رچانا چاہ رہے ہیں تو ایک بار پھر کان کھول کر سن لیں، نا صرف یہ کہ میں کہیں نہیں جا رہی بلکہ اس جعلی اور ووٹ چور وزیر اعظم جس کو میں مانتی ہی نہیں، اس سے کسی قسم کی درخواست کرنے کا سوچنا بھی گناہ ہے'۔

مریم نواز نے کہا کہ 'اپنی جعلی ایگزسٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) اور جعلی اجازت اپنے پاس ہی رکھیں بلکہ محفوظ رکھیں کیونکہ بہت جلد آپ کو خود اس کی ضرورت پڑنے والی ہے اور آپ کے تو جرائم بھی اصل ہیں، ووٹ چوروں کی کسی کی نظر میں بھی نا کوئی حیثیت ہے نا اتھارٹی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ریاستِ مدینہ کا دعویدار شاید یہ بھول گیا ہے کہ یہ اگر اصل میں ریاستِ مدینہ ہوتی تو تم اپنے عبرت ناک انجام کو پہنچ چکے ہوتے، آٹا چوری، چینی چوری، گیس چوری، ووٹ چوری، عوام پر مہنگائی کے طوفان کو، اپنی نا اہلی اور نا لائقی کوتم جہاد کہتے ہو'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'صبح اُٹھ کر تم جہاد پر نہیں جاتے، تم عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے جاتے ہو، تم غریب کے منہ سے روٹی اور بیمار سے دوائی چھیننے جاتے ہو، تم لوگوں کی بجلی اور گیس کے بلوں سے کمر توڑنے جاتے ہو، تم مظلوموں پر ظلم کرنے جاتے ہو، تم لوگوں کو دن دہاڑے اغوا کرانے جاتے ہو اور اسے تم جہاد کہتے ہو'۔

مریم نواز نے کہا کہ 'تم پر تو 22 کروڑ لوگوں کو جیتے جی مار دینے اور اس کو جہاد کا نام دینے پر فتویٰ لگنا چاہیے، ذرا باہر نکلو اپنے بنی گالا کے 300 کینال کے محل سے اور دیکھو لوگ تمہیں کیسے جھولیاں اُٹھا اُٹھا کر بد دُعائیں دے رہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ اپوزیشن عمران خان کیلئے چیلنج نہیں، سہولت کار ہے، شیخ رشید

قبل ازیں نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال پر کہا تھا کہ 'ہمیں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی بات پر یقین کرنا چاہیے جو کہہ رہی ہیں کہ وہ بیرون ملک نہیں جارہی ہیں'۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت کو مریم نواز کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکلوانے سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ٹیسٹ کے طور پر وزیر اعظم سے پوچھا تھا کہ اگر مریم نواز ای سی ایل سے اپنا نام نکلوانے کے لیے درخواست دیں؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب عمران خان نے کوئی لچک نہیں دکھائی تو وزارت ان کو جانے کی اجازت نہیں دے گی، اول تو انہوں نے درخواست دی ہی نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں