آئی ٹی رکن عاصم احمد نئے چیئرمین ایف بی آر مقرر

اپ ڈیٹ 10 اپريل 2021
عاصم احمد پی ٹی آئی کی زیر قیادت حکومت کے ڈھائی سالہ دور اقتدار میں تعینات کیے گئے پانچویں ایف بی آر چیئرمین ہیں۔ 
 - فوٹو بشکریہ ایف بی آر ویب سائٹ
عاصم احمد پی ٹی آئی کی زیر قیادت حکومت کے ڈھائی سالہ دور اقتدار میں تعینات کیے گئے پانچویں ایف بی آر چیئرمین ہیں۔ - فوٹو بشکریہ ایف بی آر ویب سائٹ

اسلام آباد: حکومت نے ٹیکس بیس کو وسیع کرنے اور آٹومیشن کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کی واضح ہدایت کے ساتھ اِن لینڈ ریونیو سروس کے ایک سینئر افسر عاصم احمد کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا نیا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے ان کے بطور چیئرمین تقرر کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

ایک علیحدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے وفاقی حکومت نے ریونیو ڈویژن کے سیکریٹری کا اضافی چارج بھی انہیں دے دیا۔

عاصم احمد پی ٹی آئی کی زیر قیادت حکومت کے ڈھائی سالہ دور اقتدار میں تعینات کیے گئے پانچویں ایف بی آر کے چیئرمین ہیں۔

مزید پڑھیں: نئے ایف بی آر چیئرمین کی تلاش جاری، جاوید غنی کی مدت میں توسیع کا بھی امکان

یہ عہدہ 9 اپریل کو اس وقت خالی ہوا تھا جب کسٹمز گروپ کے 22 گریڈ کے افسر جاوید غنی ریٹائر ہوئے تھے۔

گزشتہ کئی دنوں سے اس عہدے کے لیے کئی نام زیر گردش تھے تاہم حکومت نے عاصم احمد کو مقرر کیا جو اس وقت ایف بی آر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب چیئرمین نے کہا کہ وہ ٹیکسیشن کے عمل کو مکمل طور پر خودکار کرنے کے وزیر اعظم عمران خان کے ایجنڈے پر عمل درآمد کریں گے۔

عاصم احمد نے کہا کہ 'آئی ٹی ممبر کی حیثیت سے وزیر اعظم کو آٹومیشن روڈ میپ کے بارے میں ایک تفصیلی پریزینٹیشن دی گئی تھی، اس روڈ میپ کو اس کی اصل روح کے مطابق نافذ کریں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کو 5 ماہ بعد مستقل چیئرمین مل گیا

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کے لیے آسانی پیدا کرنے اور ٹیکس دہندگان اور ٹیکس عہدیداروں کے درمیان رابطے کو کم سے کم کرنا آٹومیشن کے دو اہم مقاصد ہیں، ایف بی آر بہت جلد الیکٹرانک سماعت کا تصور پیش کرے گا جس میں کارروائی کا ریکارڈ خود سے جمع ہوتا رہے گا۔

چیئرمین نے کہا کہ یہ سہولت ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے پہلے سے خود کار اپیلوں کے نظام کے علاوہ ہوگی، مکمل آٹومیشن ملک میں ٹیکس بیس کو وسیع کرنے کا بھی سبب بنے گا۔

ایک سوال کے جواب میں عاصم احمد نے کہا کہ موجودہ ٹیم بہت محنت کر رہی ہے اور ریونیو وصول کرنے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا، 'ہم رواں مالی سال کے لیے اپنے اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے'۔

مزید پڑھیں: نئے 'چیئرمین ایف بی آر' کے لیے تلاش شروع

ان کا کہنا تھا کہ وہ ایف بی آر کے بارے میں عوام کے تاثرات کو تبدیل کرنے کے لیے بھی پوری کوشش کریں گے۔

دریں اثنا ایف بی آر بورڈ ان کونسل نے اجلاس میں ریٹائر ہونے والے ایف بی آر کے چیئرمین جاوید غنی کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے ان کو سراہا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود اور ایف بی آر کے تمام ممبران نے اجلاس میں شرکت کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع پر انہیں میمنٹو بھی پیش کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں