سابق جنرل حمید گل کے بیٹے کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ

15 اپريل 2021
حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل کے خلاف ایف آئی آر تھانہ ایئرپورٹ راولپنڈی میں درج کی گئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل کے خلاف ایف آئی آر تھانہ ایئرپورٹ راولپنڈی میں درج کی گئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

حال ہی میں کالعدم قرار دی گئی تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے جرم میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حمید گل کے بیٹے کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل کے خلاف ایف آئی آر تھانہ ایئرپورٹ راولپنڈی میں انچارج چوکی گلریز کے سب انسپکٹر محمد عمر کی مدعیت میں درج کی گئی۔

مزید پڑھیں: تحریک لبیک پاکستان کالعدم قرار، نوٹیفکیشن جاری

ایف آئی آر کے مطابق عبداللہ حمید گل نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کہا کہ میں اپنی تحریک نوجوانان پاکستان موومنٹ کال دوں گا کہ سعد رضوی میرا بھائی ہے اور میں اس کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں۔

ڈان نیوز کو موصول ہونے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق عبداللہ حمید گل نے مزید کہا کہ اگر سعد رضوی کو رہا نہ کیا گیا تو میں اپنی تحریک اس میں شامل کر دوں گا اور آپ دیکھیں گے کہ دما دم مست قلندر ہو گا۔

پولیس نے مذکورہ ویڈیو کو بھی بطور ثبوت ضبط کر لیا ہے اور ایف آئی آر میں کہا ہے کہ عبداللہ نے جوانان پاکستان موومنٹ کے ذریعے ریاست کو دھمکی دے کر نفرت کو ابھار کر انارکی اور تشدد کی فضا پیدا کی اور عوام الناس میں خوف و ہراس پیدا کرکے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا۔

اس سلسلے میں مزید کہا گیا کہ سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کر کے عبداللہ حمید گل نے حالیہ جاری احتجاج اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کی روش کو مزید تقویت دے کر جرم کا ارتکاب کیا ہے جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ایل پی دھرنا: وزارت داخلہ کا قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

پولیس نے عبداللہ حمید گل کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور میں گرفتار کیا گیا تھا۔

امیر کی گرفتاری کے بعد تحریک لبیک کے کارکنوں اور حامیوں نے ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ شروع کردیا تھا جس کے نتیجے میں ملک کے اہم شہروں میں ٹریفک جام ہو گیا تھا۔

اس دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوئے جس میں دو پولیس اہلکار جبکہ مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کو لاہور میں گرفتار کر لیا گیا

مظاہرین نے تین دن ملک کے مکتف شہروں میں سڑکوں کو بند رکھنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی املاک کو بھی نذر آتش کیا اور نقصان پہنچایا۔

ملک بھر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر آج حکومت پاکستان نے آج تحریک لبیک کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں